16

کراچی دھماکا: 6 نمبروں کا ڈیٹا موصول، 9 مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا گیا

کراچی: ائیرپورٹ کے سگنل پر دھماکے میں حکام نے 9 مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا۔

تفتیشی حکام کے مطابق جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد فارنزک کے لیے بھجوائے گئے ہیں اور دوران تحقیقات خاتون سمیت 9 مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

حکام کا بتانا ہےکہ جائے وقوعہ کی جیو فینسنگ بھی مکمل کر لی گئی ہے جس کے بعد  6 مشکوک نمبرزکاڈیٹا حاصل کرلیا گیا ہے جب کہ حملہ آورکے پاس حملےکے وقت موبائل فون نہیں تھا۔

حکام کے مطابق دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی کا روٹ بھی مل گیا ہے، حملہ آور دھماکے سے قبل بھی ائیر پورٹ سگنل سےگزرا تھا۔

حکام کا مزید بتانا ہے کہ حملے میں متاثرہ 16 گاڑیوں کی مکمل تفصیلات حاصل کرلی ہیں، کرائم سین کو جلد کلیئر کردیا جائے گا مگر حملے کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا گیا۔

واضح رہےکہ 6 اکتوبر کی رات کراچی ائیرپورٹ کے قریب غیر ملکیوں کے قافلے پر خودکش حملہ کیا گیا جس میں دو چینی شہریوں سمیت تین افراد ہلاک ہوئے۔