16

ایک دن میں 150ریسٹورنٹس میں کھانا کھانے کا عالمی ریکارڈ

ابوجا : نائیجیرین شخص نے 24 گھنٹوں میں 150 فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹس میں کھانے کھا کرنیا عالمی ریکارڈ قائم کرلیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نائجیریا میں ایک نوجوان نے محض 24 گھنٹوں کے اندر 150 مختلف ریستوران میں کھانا کھانے کا منفرد ریکارڈ بنا ڈالا، گنیزبک آف ورلڈ ریکارڈ نے اسے ایک نیا ریکارڈ قرار دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس سے قبل یہ ریکارڈ نیویارک کے ایک نوجوان کے پاس تھا جس نے محض 24گھنٹوں کے اندر 100 مختلف ریستوران میں کھانا کھایا۔

مذکورہ عالمی ریکارڈ 22سالہ فوڈ کنسلٹنٹ، مناچمسیو برائن نوانا نے نائجیریا کے دارالحکومت ابوجا میں قائم کیا، برائن نے 150 فاسٹ فوڈ ریستورانوں کا دورہ کیا جبکہ پچھلا ریکارڈ 100 ریستورانوں کا تھا جو نیویارک میں بنایا گیا تھا۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز کے قوانین کے مطابق اس ریکارڈ کو قائم کرنے کے لیے "کوئی ذاتی ٹرانسپورٹ استعمال نہیں کی جا سکتی اور ابوجا کے محدود عوامی ٹرانسپورٹ سسٹم کی وجہ سے برائن نے سارا سفر پیدل طے کیا، برائن نے اس دوران 25 کلومیٹر سے زیادہ پیدل سفر کیا۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز نے یہ بھی بتایا کہ ریکارڈ بنانے کے لیے ہر ریستوران سے کم از کم ایک کھانے یا پینے کی چیز خریدنا اور کھانا لازمی ہے اور کم از کم 75فیصد آرڈرز میں کھانے کی اشیاء شامل ہونی چاہئیں۔

برائن نے شام 5 بجے اپنی مہم کا آغاز کیا اور آدھی رات سے صبح 9 بجے تک آرام کیا، اس دوران وہ زیادہ تر ریستورانوں سے کچھ نہ کچھ چکھتے رہے جو کھانا بچ گیا وہ ان کی ٹیم اور دیگر لوگوں نے کھایا۔

ان کے کھائے جانے والے کھانوں میں شاورما، پیزا، فرائیڈ چکن، برگر وغیرہ شامل تھے اور اس کے علاوہ نائجیریا کے روایتی پکوان جیسے موی موی (بین پڈنگ) اور املا (ایک آٹا نما خوراک) بھی شامل تھے۔