39

وہ مقام جسے پیدل چلنے کے لیے دنیا کا خطرناک ترین راستہ تصور کیا جاتا ہے

 

کیا اس جگہ چہل قدمی کرنا پسند کریں گے جسے بیشتر افراد چلنے کے لیے خطرناک ترین راستہ قرار دیتے ہیں؟

اگر ہاں تو چین کے ماؤنٹ ہوشان میں واقع ہائیکنگ ٹریل آپ کو خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہے۔

شمال مغربی چین میں واقع ماؤنٹ ہوشان کی 7 ہزار فٹ کی بلندی پر واقع چوٹیوں پر ایک خوبصورت مندر موجود ہے جبکہ وہاں سے اردگرد کا نظارہ بھی بہت خوبصورت نظر آتا ہے۔

مگر پیدل چل کر چوٹی تک رسائی کمزور دل افراد کے بس کی بات نہیں کیونکہ یہ راستہ بہت پتلے لکڑی کے تختوں پر مشتمل ہے۔

یہ محض 12 انچ جوڑا راستہ ہے جس پر چلتے ہوئے ذرا سی غلطی ہزاروں فٹ نیچے گرا سکتی ہے۔

وہ مقام جسے پیدل چلنے کے لیے دنیا کا خطرناک ترین راستہ تصور کیا جاتا ہے

ماؤنٹ ہوسان کا یہ راستہ پیدل چلنے کے لیے خطرناک ترین تصور کیا جاتا ہے / فوٹو بشکریہ بزنس انسائیڈر

 

ایسا مانا جاتا ہے کہ اس راستے کو 700 سال قبل تعمیر کیا گیا اور اب بھی کافی مضبوط تصور کیا جاتا ہے۔

مگر اس پر چلنا کافی مشکل ہوتا ہے کیونکہ یہاں اکثر پتلے تختوں پر اوپر یا نیچے جانے والے افراد کی 2 قطاریں موجود ہوتی ہیں۔

ایسی افواہیں موجود ہیں کہ ہر سال یہاں سے گزرتے ہوئے 100 افراد ہلاک ہو جاتے ہیں مگر حکام کے مطابق راستہ محفوظ ہے کیونکہ وہاں سے گزرنے کے لیے خود کو رسیوں سے باندھنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

55 سال سے زائد عمر کے افراد کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ یہاں سفر نہ کریں۔

یہاں پیدل چلنے والے راستے پر زنجیریں لگی ہوئی ہیں مگر اس راستے میں متعدد مقامات پر تختے کافی شکستہ ہیں جن کا نظارہ ہی لوگوں کو ہمت ختم کر دیتا ہے۔

وہ مقام جسے پیدل چلنے کے لیے دنیا کا خطرناک ترین راستہ تصور کیا جاتا ہے

یہ جگہ سیاحوں میں بہت زیادہ مقبول ہے / اسکرین شاٹ

 

تمام تر خطرات کے باوجود یہ مقام سیاحوں میں بہت زیادہ مقبول ہے

ویسے اوپر جانے کے خواہشمند افراد اس راستے پر کچھ دیر چل کر کیبل کار تک پہنچ سکتے ہیں۔

یہ کیبل کار چوٹی تک محض 10 منٹ میں پہنچا دیتی ہے۔

البتہ لکڑی کے تختوں پر چل کر چوٹی پر پہنچنے میں 5 سے 7 گھنٹے لگ جاتے ہیں اور اس کا انحصار آپ کی جسمانی فٹنس پر ہوتا ہے۔