95

لوگ شریک حیات کا انتخاب کیا دیکھ کر کرتے ہیں؟ نئی تحقیق کے نتائج جانیں

ہو سکتا ہے کہ آپ نے کبھی محسوس کیا ہو کہ شادی کے کئی برس بعد شوہر اور بیوی دیکھنے میں کافی حد تک ایک جیسے نظر آنے لگتے ہیں۔

ہر شادی شدہ جوڑے کی زندگی میں کافی کچھ مشترک ہوتا ہے، کچھ کے تو چہرے بھی ایک دوسرے سے ملنے جلنے لگتے ہیں۔

یہ تو شادی کے بعد کا اثر ہے مگر اب سائنسدانوں نے انکشاف کیا ہے کہ لوگ شریک حیات کا انتخاب کیا دیکھ کر کرتے ہیں۔

امریکا کی فلوریڈا یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ ہم ایسے افراد سے شادی کرنا پسند کرتے ہیں جو خوبصورتی کے لحاظ سے ہم سے ملتے جلتے ہوتے ہیں۔

اس تحقیق میں 1300 جوڑوں کو شامل کیا گیا۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ انفرادی طور پر مرد اور خواتین اپنی خوبصورتی یا کشش سے بخوبی واقف ہوتے ہیں، مگر جوڑوں میں بھی اپنی خوبصورتی کے بارے میں خیالات ملتے جلتے ہوتے ہیں۔

مثال کے طور پر جو مرد خود کو پرکشش مانتے ہیں، وہ ایسی خواتین کو پسند کرتے ہیں جن کے خیالات بھی ان جیسے ہی ہوتے ہیں۔

ان نتائج کا موازنہ 27 تحقیقی رپورٹس کے نتائج سے کیا گیا۔

ان تحقیقی رپورٹس میں یہ دیکھا گیا تھا کہ شادی شدہ جوڑے ایک دوسرے کو کس حد تک پرکشش قرار دیتے ہیں۔

ان رپورٹس کے نتائج بھی نئی تحقیق کے نتائج سے مماثلت رکھتے تھے اور محققین نے بتایا کہ وقت گزرنے کے باوجود دنیا بھر کی ثقافتوں میں پرکشش سمجھے جانے والے افراد کے حوالے سے خیالات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ اپنی خوبصورتی کے حوالے سے مردوں کی سوچ زیادہ درست ہوتی ہے کیونکہ ان کی سوچ زیادہ حقیقت پسندانہ ہوتی ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل Personality and Individual Differences میں شائع ہوئے۔