66

بہن نے ٹوٹے ہوئے دانت سے 18 سال قبل بچھڑے بھائی کو ڈھونڈ نکالا

بھارت کی ریاست اتر پردیش کے شہر کانپور میں بہن نے اپنے بچھڑے بھائی کو 18 سال بعد انسٹاگرام ویڈیو میں ٹوٹا ہوا دانت دیکھ کر ڈھونڈ لیا۔

ہاتھی پور گاؤں کی رہائشی راج کماری معمول کے مطابق انسٹاگرام پر ریلز دیکھ رہی تھیں کہ اچانک ایک نوجوان کی ویڈیو سامنے آگئی جس کے ایک دانت کا کچھ حصہ ٹوٹا ہوا تھا۔ مذکورہ ویڈیو دیکھ کر راج کماری کو بچپن میں بچھڑے اپنے بھائی بال گووند کی یاد آئی۔

دراصل 18 سال قبل بال گووند فتح پور عنایت پور سے نوکری کی تلاش میں ممبئی کیلیے نکلا تھا لیکن وہ واپس نہیں آ سکا۔ اہل خانہ نے ہر جگہ تلاش کرنے کی کوشش کی لیکن اس کا کوئی سراغ نہیں ملا تھا۔ ممبئی پہنچنے کے بعد بال گووند اپنے دوستوں سے بھی جدا ہوگیا تھا۔

اس کی زندگی نے اُس وقت اچانک ایک غیر متوقع موڑ لیا جب اس نے بیماری کی حالت میں گھر واپسی کیلیے ٹرین میں سفر کرنے کا فیصلہ کیا، لیکن ٹرین اسے کانپور کے بجائے جے پور لے گئی۔ تھکے ہارے بال گووند کی ریلوے اسٹیشن پر ایک شخص سے ملاقات ہوئی جس نے اسے فیکٹری میں نوکری دلوا دی۔

آہستہ آہستہ بال گووند کی صحت اور مالی حالت بہتر ہونے لگی اور اس نے ایشور دیوی نامی لڑکی سے شادی کی اور جوڑے کے دو بچے ہیں۔ بال گووند کی زندگی میں بہت کچھ بدل گیا لیکن اس کا ٹوٹا ہوا دانت آج بھی سلامت ہے۔

بال گووند نے دنیا کو جے پور کی خوبصورتی دکھانے کا فیصلہ کیا اور انسٹاگرام پر ریلز بنانے لگا۔ اس کی ایک ریل بہن راج کماری تک پہنچ گئی جس نے اپنے بچھڑے بھائی کو پہچان لیا۔

راج کماری نے انسٹاگرام کے ذریعے بال گووند سے رابطہ کیا۔ دونوں نے ایک دوسرے کے بچپن کی یادوں اور تفصیلات کے بارے میں بات کی جس سے ان کے تعلقات کی تصدیق ہوئی۔

ایک جذباتی فون کال میں راج کماری نے اپنے بھائی سے گھر واپس آنے کی التجا کی جسے بال گووند نے قبول کیا اور وہ 20 جون کو اپنے گھر پہنچ گیا۔ 18 سال کی علیحدگی کے بعد بہن بھائی ایک دوسرے کو دیکھ کر جذباتی ہوئے جبکہ گھر والوں کے چہروں پر مسکراہٹ آگئی۔