459

دنیا کا سب سے بڑا شاپنگ مال اب مزید پھیلنے کیلئے تیار

دبئی تیزی سے ترقی کے منازل طے کررہا ہے اور وہاں تعمیراتی شعبے کو ریکارڈز بنانا پسند ہے۔

دنیا کی بلند ترین عمارت کا گھر ہونے کے ساتھ ساتھ اس شہر میں دنیا کا سب سے بڑے شاپنگ سینٹر بھی موجود ہے جو اب مزید پھیلنے والا ہے۔

دبئی مال ایک کروڑ 20 لاکھ اسکوائر فٹ رقبے پر پھیلا ہوا شاپنگ سینٹر ہے اور اب اس میں مزید 240 دکانوں اور ہوٹلوں کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔

اس سینٹر میں دنیا کا سب سے بڑا مال ایکوریم بھی موجود ہے جبکہ ڈیجیٹل آرٹ میوزیم، 15 کروڑ سال پرانا ڈائنا سور کا ڈھانچہ، 26 اسکرینوں پر مشتمل سنیما اور بہت کچھ موجود ہے۔


مگر اب اسے مزید توسیع دی جا رہی ہے تاکہ دبئی میں سیاحوں کی بڑھتی تعداد کو زیادہ سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

البتہ ابھی یہ واضح نہیں کہ اس تعمیراتی منصوبے پر کام کب شروع ہوگا۔

اس منصوبے پر 40 کروڑ ڈالرز سے زائد خرچ کیے جائیں گے۔

اس سے قبل دبئی میں ائیرکنڈیشنڈ شاہراہ تعمیر کرنے کا منصوبہ بھی سامنے آیا تھا۔

فروری 2023 میں اس منصوبے کی تفصیلات سامنے آئی تھیں جس کے مطابق یہ شاہراہ 58 میل طویل ہوگی جس کے اوپر ایک چھت موجود ہوگی اور اسے دی لوپ کا نام دیا جائے گا۔

بنیادی طور پر یہ شاہراہ سائیکل چلانے یا پیدل گھومنے والوں کے لیے ہوگی۔

کمپنی کے مطابق اس منصوبے کا مقصد پیدل یا سائیکل سے دبئی میں کسی بھی جگہ پہنچ جانے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

یہ شاہراہ دبئی کے گرد گھومے گی اور یہ گاڑیوں سے پاک سر سبز راہداری ہوگی تاکہ لوگ پیدل یا سائیکل پر شہر کی سیر کرسکیں۔