گذشتہ روز سے دیر کے جنگلات میں لگی آگ بجھانے کے لئے پاک فوج، فرنٹیئر کور نارتھ اور دیگر اداروں کا ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
دیر کے علاقہ ادینزئی کے جنگلات میں نامعلوم وجوہات کی بنیاد پر 3 کلومیٹر رقبہ پر پھیلی آگ بجھانے کے لئے پاک فوج، فرنٹیئر کور نارتھ، ریسکیو 1122، پولیس اور لیویز متحرک ہیں، تیز ہوا کی وجہ سے آگ کی شدت میں اضافہ ہونے کے باوجود گذشتہ رات بھی ریسکیو آپریشن جاری رہا، پاک فوج کا ایک ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر بھی ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہا ہے۔
پاک فوج، فرنٹیئر کور نارتھ اور دیگر اداروں کے بروقت ریسکیو آپریشن سے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا اور کافی حد تک آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، پاک فوج اور دیگر اداروں کی جانب سے دیر کے جنگلات میں لگی ہوئی آگ کو مکمل بجھانے تک آپریشن جاری رہے گا۔