75

دنیا میں سب سے زیادہ انتخابات لڑنے والا بھارتی شہری

تامل ناڈو: ایک ہندوستانی شہری نے سب سے زیادہ الیکشن میں حصہ لینے کی وجہ سے ’انتخابی بادشاہ‘ (election king) کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست تامل ناڈو سے تعلق رکھنے والے کے۔ پدمراجن 238 سیاسی انتخابات میں حصہ لینے اور ہر بار ہارنے کے بعد دنیا کے ناکام ترین انتخابی امیدوار بن گئے ہیں۔

65 سالہ کے۔ پدمراجن پیشے کے لحاظ سے موٹر مکینک ہیں اور ان کا تعلق تامل ناڈو کے میتور نامی قصبے سے ہے۔ وہ گزشتہ تین دہائیوں میں سینکڑوں انتخابات میں حصہ لے چکے ہیں اور رجسٹریشن فیس پر ہزاروں ڈالر خرچ کر چکے ہیں۔


ایک مقامی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتخابات میں جیت ایک ثانوی مقصد ہونا چاہیے۔ انتخابات دراصل شخصیت میں لچک اور ہار تسلیم کرنے کا ظرف پیدا کرتا ہے اور اس کیلئے انتخابات ہی سب سے بڑا استاد ہے۔ تمام امیدوار انتخابات میں جیت کے خواہاں ہیں لیکن میں ایسا نہیں ہوں۔

واضح رہے کہ 238 انتخابات میں ہار جانے کے باوجود کے۔پدمراجن رواں سال بھی تامل ناڈو کے دھرما پوری ضلع میں پارلیمانی نشست کے لیے اپنے 239ویں انتخاب میں حصہ لیں گے۔