71

103 سالہ شخص نے 49 سالہ خاتون سے شادی کرلی

اگر کوئی آپ سے پوچھے کہ شادی کرنے کی بہترین عمر کیا ہوتی ہے، تو کیا جواب دیں گے؟

حقیقت تو یہ ہے کہ اس سوال کا کوئی سادہ جواب ممکن نہیں کیونکہ ہر فرد مختلف ہوتا ہے اور شادی کے لیے کسی ایک مثالی عمر کا تعین کرنا ممکن نہیں۔

مگر 100 سال سے زائد عمر کے بعد شادی کرنے کے بارے میں کیا خیال ہے؟

یقین کرنا مشکل ہوگا مگر بھارت میں 103 سالہ شخص نے 49 سالہ خاتون سے شادی کی ہے۔

انہوں نے یہ شادی 2023 میں کی تھی مگر گزشتہ دنوں یہ ویڈیو وائرل ہوئی، جس کے بعد یہ جوڑا میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گیا۔

یہ حبیب نذر کی تیسری شادی ہے۔

ان کی دوسری بیوی کا انتقال کچھ عرصے پہلے ہوا تھا اور تنہائی کے احساس نے انہیں ایک بار پھر شادی کرنے پر مجبور کیا۔

حبیب نذر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'میں 103 سال کا ہوچکا ہوں اور میری بیوی 49 سال کی ہیں'۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 'میری پہلی شادی ناسک شہر میں ہوئی تھی اور پہلی بیوی کے انتقال کے بعد میں لکھنؤ منتقل ہوگیا جہاں دوسری شادی ہوئی'۔

ان کا کہنا تھا کہ دوسری بیوی کے انتقال کے بعد وہ خود کو تنہا محسوس کرنے لگے تھے اور اسی لیے انہوں نے تیسری شادی کا فیصلہ کیا۔

یہ فیروز جہاں کی دوسری شادی ہے اور ان کے پہلے شوہر کا انتقال ہوچکا ہے۔

انہوں نے حبیب نذر سے اس لیے شادی کرنے کی حامی بھری کیونکہ ان کا کوئی خیال رکھنے والا نہیں تھا۔

اس حوالے سے فیروز جہاں نے بتایا کہ 'میرے شوہر بالکل ٹھیک ہیں اور انہیں کوئی بیماری نہیں'۔