47

چڑیا گھر کی انوکھی پیشکش، انتقام کیلئے لال بیگوں کے نام سابق پارٹنر اور سسرال والوں پر رکھیں

ویلنٹائن ڈے دنیا بھر میں محبت کے دن سے جانا جاتا ہے جس دن لوگ اپنے پیاروں سے محبت کا اظہار کرتے ہیں لیکن امریکا کا ایک چڑیا گھر ہر سال اس روز اپنے سابق پارٹنر اور سسرال والوں سے ناپسندیدگی کا اظہار کرنے کے لیے ایک عجیب پیشکش کرتا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیویارک کے علاقے برانکس میں موجود برانکس زو لوگوں کو اپنے سابق پارٹنرز سے انتقام لینے کے لیے 'ماڈاگیسکر کاکروچ' کو ان کے نام سے منسوب کرنے کی اجازت دیتا ہے۔

اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے برانکس نے اس سال بھی اس منفرد پیشکش کا اہتمام کیا ہے، اس پیشکش کے مطابق  لوگ 15 ڈالرز کے عوض اپنے سابق ساتھی کے نام پر کاکروچ کا نام رکھ سکتے ہیں۔

 

اس کے علاوہ اس پیشکش میں شامل ہے کہ ایک سرٹیفکیٹ مذکورہ شخص کو  ای میل کیا جائے گا جس میں بتایا جائے گا کہ لال بیگ کا نام ان کے نام پر رکھ دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے چڑیا گھر نے ایکس پر ٹوئٹ بھی کی جس میں لکھا تھا کہ ویلنٹائن ڈے آنے والا ہے اور ایک تحفہ ایسا ہے جس کی 6 ٹانگیں ہیں۔ جی ہاں! اپنے پیاروں کے نام پر برانکس چڑیا گھر کے ماڈاگیسکر لال بیگ کا نام رکھیں۔

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

چڑیا گھر انتظامیہ کے مطابق ویلنٹائن ڈے تک تحفہ وصول کرنے کے لیے 8 فروری 2024 تک آرڈرز دینا ضروری ہے۔

اپنی ویب سائٹ پر چڑیا گھر نے ایک نوٹ شائع کیا ہے جس میں لکھا ہے، 'آپ کے پاس ہمیشہ صحیح الفاظ نہیں ہوتے کہ اپنے جذبات کا اظہار کرسکیں لیکن ہمیں ایک کاکروچ کا نام بتائیں کیونکہ یہ ہمیشہ رہیں گے'۔

واضح رہے کہ اس چڑیا گھر نے یہ پیشکش 2011 میں شروع کی تھی جس میں متعدد لوگوں نے برانکس زو کے لال بیگوں کا نام اپنے سسرال والوں یا سابق پارٹنر کے نام پر رکھا ۔