43

باپ کی فائرنگ، بیٹی سمیت 3 افراد جاں بحق

بونیر میں گھریلو تنازع پر فائرنگ سے خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔

بونیر کے علاقہ تھانہ جوڑ کی حدود میں گھریلو تنازع پر طیش میں آکر باپ نے فائرنگ کرکے بیٹی کو قتل کردیا، اس دوران فائرنگ کی زد میں آکر مقتولہ کا ماموں اور جرگہ اہلکار بھی جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک شخص گولیاں لگنے سے زخمی بھی ہوا۔

رپورٹ کے مطابق لاشوں اور زخمی کو اسپتال منتقل کردیا گیا، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ آمنہ کی منگنی ہوئی تھی، جس پر ناراض ہوکر وہ ماموں کے گھر رہائش پذیر تھی، صلح کیلئے لڑکی اپنے ماموں اور جرگے کے کارکنان سمیت گھر پہنچی تھی۔

پولیس کے مطابق لڑکی کے باپ نے طیش میں آکر فائرنگ کردی، جس میں لڑکی، اس کا ماموں اور جرگہ اہلکار موقع پر جاں بحق ہوگئے۔