93

لاہور؛ مالکن نے پیٹرول چھڑک کر ملازمہ کو آگ لگادی، گھر کا مالک گرفتار

 لاہور: مکان مالکن نے گھریلو ملازمہ کو پیٹرول چھڑک کر آگ لگادی، جس کے بعد پولیس نے گھر کے مالک کو گرفتار کرلیا۔

تھانہ نارتھ کینٹ کی حدود میں مکان مالکن نے گھریلو ملازمہ کو پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی، جس سے 40 سالہ گھریلو ملازمہ شبنم کے جسم کا 70 فی صد حصہ جھلس گیا۔

گھریلو ملازمہ شبنم گزشتہ 11 سال سے نعمان نامی شخص کے گھر ملازمت کر رہی ہے۔ نعمان کی اہلیہ شازیہ نے گرم پانی مانگنے کی رنجش میں ملازمہ  شبنم پر  پھر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ متاثرہ گھریلو ملازمہ کو میو اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں اس کی حالت تشویش ناک ہے۔

متاثرہ گھریلو ملازمہ کے اہل خانہ نے مکان مالکن شازیہ کے خلاف تھانہ نارتھ کینٹ میں اندراج مقدمہ کی درخواست جمع کروا دی، جس پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے گھر کے مالک نعمان کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون اسپتال میں زیر علاج ہے ۔ خاتون کے جسم پر زخم گرم پانی کے ہیں ۔ پیٹرول ڈال کر جلانے کے کوئی شواہد نہیں ملے ۔ گرفتار ملزم نعمان سے مزید تفتیش جاری ہے ۔