66

نوکری کا جھانسہ دے کر یتیم لڑکی کے ساتھ اجتماعی زیادتی

 لاہور: لاہور میں نوکری کا جھانسہ دے کر یتیم لڑکی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔

رائیونڈ کے علاقے میں نوکری دلوانے کا جھانسہ دے کر شراب کے نشے میں یتیم لڑکی کو نہ صرف اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا بلکہ درندوں نے بلیک میل کرنے کے لیے لڑکی کی ویڈیو بھی بنالی۔

پولیس کے مطابق  لڑکی کے والدین وفات پا چکے ہیں اور وہ اپنی ایک رشتے دار خاتون کے پاس رہتی ہے، جس نے لڑکی کو کسی کے گھر کام پر رکھوانے کے لیے موبائل نمبر دیا۔ متاثرہ یتیم لڑکی نے موبائل نمبر پر رابطہ کیا تو ایک شخص لڑکی کو گاڑی میں بٹھا کر ایک گھر میں لے گیا۔

نوکری کا جھانسہ دے کر ملزم جس گھر میں لڑکی کو لے کر گیا، وہاں پہلے سے ایک شخص موجود تھا۔ دونوں نے شراب پی کر یتیم لڑکی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا اور اس کی ویڈیو بھی بنائی۔

پولیس نے متاثرہ لڑکی کی درخواست پر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔