59

ابّا برائے فروخت: 8 سالہ ناراض بیٹی کا اپنے والد سے معصومانہ انتقام

بچے اپنے والدین سے اکثر کسی نہ کسی بات پر ناراض ہو جاتے ہیں اور ان کی توجہ حاصل کرنے کے لئے بہت سے طریقے اپناتے ہیں، کبھی بھوک ہڑتال تو کبھی کمرے میں خاموشی سے اپنے آپ کو بند کرلینا۔

لیکن بھارت میں ایک بچی نے اپنے والد کے خلاف انوکھا احتجاج کیا اور ناراضگی کے بعد گھر کے دروازے پر ”فادر فار سیل“ کا اشتہار لگا دیا، ساتھ ہی نیچے قیمت بھی لکھ دی۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق میلن کوہولک نے ”ایکس“ پر ایک ایسی پوسٹ شیئر کی جس میں ایک بچی کے ’معصومانہ انداز میں انتقام‘ کا تذکرہ ہے۔

اشتہار پر باقاعدہ قیمت کے آگے دو لاکھ لکھا گیا ہے اور مزید معلومات کے لیے گھنٹی بجانے کا کہا گیا ہے۔

والد نے جب اشتہار کی تصویر شیئر کی تو صارفین نے بہت دلچسپی لی۔

والد کی جانب سے اس میں ایک مزاحیہ نوٹ بھی شامل کیا گیا ہے۔ ’میرا خیال ہے کہ میری قیمت کافی کم رکھی گئی ہے‘۔

 

 

اس پوسٹ نے سامنے آتے ہی صارفین کی توجہ اپنے جانب کر لی اور تھوڑے ہی دیر میں ناصرف اس کو 28 ہزار ویوز ملے بلکہ اس پر دلچسپ تبصرے بھی ہوئے۔

ایک صارف نے لکھا کہ ’میرے خیال میں جتنا آپ سمجھ رہے ہیں آپ اس سے بھی زیادہ قیمتی ہیں ان (بیٹی) کے نزدیک، کیونکہ اس عمر میں دو لاکھ کی رقم بھی بہت زیادہ لگتی ہے۔‘

ایک اور صارف نے لکھا کہ ’زبردست، آپ کی بیٹی کے لیے ڈھیر سارا پیار، خدا کرے کہ وہ ایسے ہی صاف گو رہے۔‘

اس شخص نے پوسٹ پر ردعمل ظاہر کرنے والے دیگر صارفین سے بھی بات چیت کی۔

انہوں نے بتایا کہ ’بچی نے یہ نوٹ بنانے سے پہلے مجھ سے میری ماہانہ تنخواہ پوچھی۔‘