50

سمندر میں تیز ترین روؤنگ کا ریکارڈ سعودی خاتون ایتھلیٹ کے نام

جدہ: سعودی عرب کی ایک خاتون ایتھلیٹ نے سمندر میں کم وقت میں 10 کلومیٹر کشتی چلا کر گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔

2016 اولمپکس گیمز میں سعودی عرب کی جانب سے حصہ لینے والی پہلی خاتون کریمان ابوالجدایل نے بحیرہ احمر میں 57 منٹ 24 سیکنڈ میں 10 کلو میٹر کا فاصلہ طے کر کے ریکارڈ قائم کیا۔

کریمان نے گینیز ورلڈ ریکارڈز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی اور دیگر عوامل نے اس کوشش کو پیچیدہ بنایا۔ اس دن بحری کرنٹ مضبوط تھی جس کی وجہ سے کشتی کی رفتار کم ہوئی۔ ریکارڈ کے لیے کشتی تیز چلانا تو ایک طرف کشتی کو حرکت میں رکھنے کے لیے اضافی جان لگانی پڑ رہی تھی۔


ان کا کہنا تھا کہ ایمانداری کی بات یہ ہے کہ مشکل اتنی بڑھ گئی تھی کہ وہ یہ کوشش ختم کرنا چاہتی تھیں لیکن ان کے مضبوط ارادے نے یہ ریکارڈ ممکن بنایا۔

گینیز ورلڈ ریکارڈز نے سعودی ایتھلیٹ کے سمندر میں تیز ترین 10 کلو میٹر روؤنگ کے ریکارڈ کی تصدیق کردی ہے۔