سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر ٹانک میں آپریشن کرتے ہوئے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ڈسٹرکٹ ٹانک کے علاقے پیزو میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا، آپریشن 3 اکتوبر کو خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 10 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے جانے والےدہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں، معصوم شہریوں کے قتل اور بھتہ خوری میں ملوث تھے، ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔
علاقہ مکینوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کو سراہا گیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز پاکستان سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔