19

اسلام آباد جانے والا مسافر کراچی ائیرپورٹ پر انتقال کرگیا

کراچی: کراچی سے اسلام آباد جانے والا مسافر جناح انٹر نیشنل ائیرپورٹ کے لاؤنج میں انتقال کرگیا۔

 انتقال کر جانے والا مسافر محمد فیاض اپنے اہل خانہ کے ہمراہ نجی ایئرلائن کی پرواز ای آر 502 پر کراچی سے اسلام آباد جارہے تھے کہ ایئر پورٹ لاؤنج میں داخل ہونے کے بعد مسافر محمد فیاض کی طبیعت خراب ہوگئی۔

مسافر محمد فیاض کی جناح انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر طبیعت کی خرابی کے بعد ایئر پورٹ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے ڈاکٹرز نے ان کا معائنہ کیا، ڈاکٹرز کی ٹیم نے طبی معائنے کے بعد مسافر محمد فیاض کی موت کی تصدیق کردی۔

طبی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مسافر محمد فیاض پہلے سے یرقان کے مرض میں مبتلا تھے۔