بل گیٹس دہائیوں تک دنیا کے امیرترین شخص رہے اور انہوں نے متوسط طبقے سے امارات تک کا سفر طے کیا۔
اور ایک شعبہ جس میں بل گیٹس کو ماہر سمجھا جاتا ہے اور وہ ہے آگے بڑھنے کے مواقعوں کو پکڑنا۔
کمپیوٹر کی بالادستی کے مواقعوں کو سمجھ کر ہی انہوں نے یونیورسٹی کی تعلیم ادھوری چھوڑی اور عملی زندگی میں آکر مائیکرو سافٹ کی بنیاد رکھ کر کچھ عرصے میں ارب پتی بن گئے۔
اور اب انہوں نے دنیا بھر کے نوجوانوں کو زندگی میں کامیابی کا نسخہ بتایا ہے۔
گزشتہ دنوں اپنے اور اپنی اہلیہ ملینڈا گیٹس کے سالانہ خط کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بل گیٹس نے کہا کہ ایک ایسا شعبہ جو دنیا بھر میں کروڑوں نوجوانوں کی زندگیاں بہتر بناسکتا ہے، ہم اس پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ مستقبل میں نوجوانوں کو زندگی میں آگے بڑھنے کے لیے کیا سیکھنا چاہیے تو انہوں نے کہا 'نوجوانوں کو سائنس کی جانب جانا چاہیے'۔
ان کا کہنا تھا ' جتنا آپ سائنس کے بارے میں سیکھیں گے، اتنے ہی زندگی میں آگے بڑھنے کے مواقع تلاش کرسکیں گے'۔
بل گیٹس کا خیال تھا کہ خصوصاً لوگوں کو دنیا کے ایسے خطوں میں دیکھنا چاہیے جہاں مستقبل قریب میں سائنس کی ترقی کی ضرورت ہوگی تاکہ انسانیت آنے والے چیلنجز کا سامنا کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ 'اگر آپ کی صلاحیت آپ کو سائنس یا پروگرامنگ کی جانب لے جائے، بائیولوجی یا توانائی کی پیشرفت میں ترقی کرنے کا موقع دے تو یہ ایسے شعبے ہیں جو دنیا بدلنے میں سب سے بڑے ذرائع ثابت ہوں گے'۔
بل گیٹس کا کہنا تھا کہ ان کی نظر میں جو چیلنجز سب سے زیادہ اہمیت رکھتے ہیں ان میں عالمی سطح پر پھیلنے والے امراض اور سیارے کے لیے توانائی کے نئے نظام کو تشکیل دینا شامل ہے اور ان مسائل کا جواب سائنسی تحقیق ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ذاتی طور پر وہ خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں کہ سافٹ وئیر انجنیئرنگ نے ان کی دلچسپی اپنی جانب مرکوز کی، انہوں نے مارکیٹنگ اور سیلز کے لیے لوگوں کی خدمات حاصل کیں مگر یہ ان کی دلچسپی تھی جس نے انہیں مواقع دیکھنے کا موقع دیا۔
انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ 'اگر آپ سائنس پر توجہ مرکوز کریں تو آپ کو زندگی میں آگے بڑھنے کے لیے بہت زیادہ مواقع ملیں گے'۔