46

110 سالہ عبد الحنان اور55 سالہ دلبر کی شادی، چند روز بعد ہی علیحدگی ہوگئی

خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ میں 110 سالہ عبد الحنان اور 55 سالہ دلبر کے درمیان ہونے والی شادی کی دھوم مچی ہوئی تھی لیکن 4 روز بعد ہی علیحدگی ہوگئی۔

گرانتھلی بھوگڑمنگ کے رہائشی عبدالحنان سواتی نے چند روز پہلے ہی 55 سالہ دلبر بی بی سے چوتھی شادی کی تھی۔ جوڑے کا نکاح مقامی مسجد میں ہوا تھا جس میں حق مہر5 ہزار روپے طے پایا تھا۔

ان کے نکاح کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ جوڑے نے ولیمہ بڑے شاندار طریقے سے منایا ہے جس میں رشتہ داروں نے بھی شرکت کی تھی۔

کہانی میں نیا موڑ تب آیا جب ایک نجی میڈیا رپورٹ نے دعوی کیا کہ شادی کے چار روز بعد اہلیہ دلبر کے بیٹے انہیں ساتھ لیکر چلے گئے ساتھ گھر والوں نے جعلی نکاح ہونے کا بھی الزام عائد کردیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق تھانہ شنکیاری میں خاتون کے بھانجے عبداللہ نے درخواست دائر کی ہے جس میں مؤقف کیا گیا کہ خالہ دلبر جان ذہنی مریضہ ہیں جس کے ثبوت بھی موجود ہیں۔

بھانجے نے کہا کہ ہماری خالہ دلبر بی بی ذہنی مریضہ ہیں، گھر سے غائب ہو گئی تھی، ہماری خالہ کا علاج دماغی اسپتال میں چل رہا ہے۔

مزید کہا کہ ہم خالہ کو ڈھونڈتے رہے، سوشل میڈیا کے ذریعے پتہ چلا، ذہنی بیمار خاتون اور معمر شخص کے نکاح میں ملوث لوگوں کے خلاف کاروائی کی جائے۔

درخواست گزار عبداللہ کا کہنا ہےکہ عبد الحنان اور دلبر بی بی کا نکاح جعل سازی سے ہوا ہے۔ پولیس نے کہا کہ متعلقہ کیس خلع کا کیس ہے جو عدالت سے ہی ہوسکتی ہے۔