420

خوبرو خاتون اور مردہ لومڑی کی عجیب کہانی

 لندن: پالتو جانوروں سے محبت کرنے والوں کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ انہیں ہر جگہ اپنے ساتھ رکھیں لیکن شمال مغربی انگلینڈ کے علاقے مرسے سائیڈ کی لیزا فاکس کرافٹ کو اپنی پالتو لومڑی سے اتنی محبت ہے کہ وہ اب اس کے مرنے کے بعد بھی اس کی لاش کے ساتھ رہتی ہیں۔

لیزا نے اپنی لومڑی کے بچے کو مرنے کے بعد حنوط کرالیا جس میں ایک عمل ’اسٹفنگ‘ کے بعد جانور خراب نہیں ہوتا اور اس کی بیرونی صورت برقرار رہتی ہے۔ لومڑی کے بچے کے مرنے کے بعد وہ بہت اداس تھیں کہ ان کے ایک دوست نے لومڑی  حنوط کروانے کے بعد اسے کرسمس تحفے کے طور پر انہیں پیش کردیا۔

گزشتہ دو برس سے لیزا اس لومڑی کو اپنے ساتھ رکھ رہی ہیں اور کبھی بھی یہ دونوں الگ نہیں ہوتے۔ لیزا اور لومڑی کی تصاویر انسٹا گرام سمیت سوشل میڈیا کی دیگر ویب سائٹس پر بہت مقبول ہورہی ہیں۔

لیزا نے بتایا کہ میں نے 2015ء میں نئے سال پر لومڑی کو باقاعدہ گود لینے کا فیصلہ کیا اور قانونی کارروائی پوری کی۔ میں اس لومڑی کو اپنی اولاد کی طرح سمجھتی ہوں جس طرح میں اپنا خیال رکھتی ہوں بالکل ایسے ہی اس لومڑی کی لاش کی دیکھ بھال بھی کرتی ہوں۔

گھر ہو، بازار یا کوئی ریستوران، لیزا اپنی حنوط شدہ لومڑی کو ہر جگہ لے کر جاتی ہیں۔ لوگ پہلے انہیں عجیب نظروں سے دیکھتے ہیں لیکن لیزا سارا معاملہ بیان کرتی ہیں تو لوگ ان سے ہمدردی کرنے لگتے ہیں۔ لوگ لیزا اور اس کی لومڑی کے ساتھ سیلفی بھی بناتے ہیں۔

لیزا کی لومڑی ٹریفک حادثے میں مرگئی تھی اور ان کے مطابق حنوط کرکے کسی جانور کو محفوظ کرنا کوئی بری بات نہیں لیکن اب بھی کئی لوگ لیزا کے اس عمل پر تنقید کررہے ہیں۔ لیزا نے اپنی پیاری لومڑی کو پہنانے کے لیے خوبصورت اور مہنگے کپڑے بھی تیار کیے ہیں۔