ٹھٹھہ کے سمندر میں گزشتہ روز پکڑی گئی نایاب سوا مچھلی غریب ماہی گیر کو راتوں رات کروڑ پتی بنا گئی اور اس کی ناقابل یقین قیمت لگی۔
ماہی گیروں نے گزشتہ روز ٹھٹھہ کے سمندر سے انتہائی قیمتی اور نایاب سوا مچھلی پکڑی تھی جس کی آج کراچی فشری میں 50 کروڑ روپے بولی لگی۔ اس طرح ایک مچھلی راتوں رات اپنا شکار کرنے والے ماہی گیروں کو کروڑ پتی بنا گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ کے ساحلی شہر ٹھٹھہ کے سمندر میں شکار کے لیے گئے ماہی گیروں میں اس وقت خوشی کی لہر دوڑ گئی تھی جب ان کے جال میں قیمتی اور نایاب سوا مچھلی پھنسی تھی۔
اس وقت مچھلی کا شکار کرنے والے ماہی گیر کا کہنا تھا کہ ’یقین نہیں آرہا ہے کہ قیمتی مچھلی میرے جال میں پھنس گئی ہے۔‘
ترجمان کوسٹل میڈیا سینٹر کا کہنا تھا کہ سمندر میں کم یاب ہونے کے باعث اب بہت کم یہ مچھلی جال میں پھنستی ہے۔