84

شوہر کے مچھلی پکڑنے کی عادت سے بیزار بیوی نے طلاق لے لی

بیجنگ: چین میں ایک خاتون نے اپنے شوہر کی مچھلی پکڑنے کی عادت سے تنگ آکر طلاق لے لی، خاتون کا کہنا تھا کہ وہ ملازمت کرتے ہوئے دو بچے بھی پال رہی ہیں جبکہ شوہر کو کسی چیز کا احساس نہیں۔

بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ایک چینی خاتون نے اپنے شوہر کے ساتھ 10 سالہ ازدواجی زندگی کا اختتام کرتے ہوئے طلاق لے لی۔

اس انتہائی اقدام کی وجہ یہ بتائی جارہی ہے کہ خاتون کا شوہر مچھلی کے شکار کا شوقین تھا اور اپنے مشغلے کی تکمیل کے لیے وہ اپنے خاندان کو بھی بھول جاتا اور مچھلی کے شکار کے لیے نکل جاتا تھا۔

چین کے صوبے شانڈونگ کی جوئی کاؤنٹی کی عدالت میں دائر کیے گئے طلاق کے کیس میں ژانگ نامی خاتون نے دعویٰ کیا کہ وہ اپنے شوہر کی مچھلی کے شکار کی عادت سے تنگ آچکی تھی۔

خاتون کا کہنا ہے کہ وہ گھر کے تمام کام کاج کے علاوہ اپنی ملازمت اور دونوں بچوں کو بھی سنبھالتی ہے جبکہ اس کا شوہر صوفے پر بیٹھ کر اپنے اسمارٹ فون سے دل بہلاتا رہتا ہے اور روزانہ شام کو ڈنر کے بعد اپنے دوستوں کے ساتھ مچھلی پکڑنے نکل جاتا ہے۔

خاتون کے مطابق اس نے کئی بار اپنے شوہر کو یہ بات سمجھائی کہ وہ شکاری دوستوں کے بجائے اپنے بچوں اور اس کے ساتھ وقت گزارے لیکن وہ باز نہ آیا جس کے بعد میرے پاس طلاق لینے کے سوا کوئی اور قابل عمل راستہ نہیں بچا تھا۔