61

صرف 2 کروڑ روپے میں خوبصورت گاؤں برائے فروخت

دنیا بھر میں زمین کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہے لیکن اسی خطہ زمین پر ایک ایسا خوبصورت گاؤں بھی ہے جو صرف 2.1 کروڑ روپے میں برائے فروخت ہے۔

انسان نے جب سے گھر بسانا اور زمین پر کھیتی اگانا شروع کی ہے تب سے ہی زمین کی ملکیت اس کا خواب رہی ہے۔ فی زمانہ پراپرٹی میں سرمایہ کاری سب سے محفوظ سرمایہ کاری سمجھی جاتی ہے۔ زمین کی بڑھتی طلب نے دنیا بھر میں پراپرٹی کی قیمتوں کو آسمان پر پہنچا دیا ہے اور ہزار گز کا بنگلہ بھی دو کروڑ میں ملنا مشکل ہے لیکن اسی خطہ زمین پر ایک گاؤں ایسا بھی ہے جو صرف 2.1 کروڑ روپے میں آپ کی ملکیت بن سکتا ہے۔

یہ خوبصورت گاؤں اسپین کے سالٹو ڈی کاسترو صوبہ زمورا میں پرتگال کی سرحد کے قریب واقع ہے جو میڈرڈ اور اسپین سے تین گھنٹے کی ڈرائیو پر ہے۔ یہ 30 سال سے زائد عرصے سے غیر آباد ہے اور اب صرف 2.1 کروڑ روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ گاؤں پر فضا مقام پر ایک پہاڑی کی چوٹی پر واقع ہے جہاں سے Arribes del Duero قدرتی پارک کا خوبصورت نظارہ ہوتا ہے۔ اس گاؤں میں 44 گھر، ایک ہوٹل، ایک چرچ، ایک اسکول، میونسپل سوئمنگ پول اور ایک بیرک کی عمارت شامل ہے۔

مذکورہ گاؤں کو 1950 کی دہائی میں ایک بجلی پیدا کرنے والی کمپنی نے تعمیر کیا تھا جس کا مقصد ڈیم کے قریب مزدوروں کے خاندانوں کو رہائش فراہم کرنا تھا۔ تاہم 1980 کی دہائی میں اسے مکمل طور پر خالی کر دیا گیا تھا۔

گاؤں کی مالک کمپنی رائل انویسٹمٹ کے نمائندے رونی روڈریگس نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس گاؤں کے مالک کا یہاں ہوٹل بنانے کا خواب تھا جو بوجہ پورا نہ ہوسکا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سکاٹ لینڈ کا ایک پورا جزیرہ 3 کروڑ روپے میں فروخت ہوا تھا جو 28 ایکڑ پر پھیلا ہوا ہے۔