آئس لینڈ یورپ کے خوبصورت ترین ملکوں میں سے ایک ہے جہاں تفریح کرنا ہر سیاح کا خواب ہے لیکن اب وہاں بامعاوضہ سیاحت بھی کی جاسکتی ہے۔
جی ہاں یورپ کے اس حسین ترین ملک کی سیاحت اب خواب نہیں حقیقت بھی بن سکتا ہے اور وہ بھی معاوضہ وصول کرکے کیونکہ ایک کمپنی کی جانب سے ایسی انوکھی ملازمت کی پیش کش کی گئی ہے جس میں کام کچھ نہیں کرنا صرف آئس لینڈ کی سیر وتفریح کرنا ہے۔
مذکورہ کمپنی آئس لینڈ کی سیاحت کے خواہشمند کو 50 ہزار ڈالر یعنی ایک کروڑ 20 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد بطور معاوضہ ادا کیا جائیگا۔
اب آئس لینڈ کی تفریح کرنے والے تو سینکڑوں، ہزاروں بلکہ ہوسکتا ہے کہ لاکھوں میں ایک ہوں لیکن کمپنی نے ’’ایک انار، سو بیمار‘‘ کی مثل کے مصداق اس کے لیے صرف ایک نوکری رکھی ہے یعنی ایک شخص کو منتخب کرکے ملازمت پر آئس لینڈ سیاحت کے لیے بھیجا جائیگا۔
اس انوکھی اور دلفریب ملازمت پر آئس لینڈ جانے والے شخص کو موقع دیا جائے گا کہ وہ نہ صرف پورا ملک گھومے بلکہ ساتھ ساتھ تصاویر اور ویڈیوز بھی بنائے اورمقامی کھانوں سے لطف اندوز ہو، اس کے لیے اس منتخب شخص کو کمپنی جانب سے ہر ممکن سہولت بھی فراہم کی جائیگی۔
اس ملازمت کی کوئی خاص شرائط نہیں صرف منتخب شخص کو کم از کم ایک ماہ تک آئس لینڈ میں رہنا ہوگا تاہم یہ قیام 6 ماہ تک بھی بڑھایا جاسکتا ہے۔ اس ملازمت کا مقصد آئس لینڈ کی سادہ طرز زندگی کے فوائد کو دنیا کے سامنے لانا ہے۔
اگر آپ بھی اس انوکھی اور رنگارنگ ملازمت کے حصول کے خواہشمند ہیں تو دیر نہ کریں اور جاب کے لیے فوری اپلائی کریں جس کے لیے کمپنی آن لائن درخواستیں جمع کر رہی ہے، اس درخواست کا لنک یہ ہے۔