33

بائیک سوار کے سر پر الیکٹرک پول گر گیا

موٹر سائیکل چلاتے ہوئے ہیلمٹ پہنا نہ صرف حفاظتی اصولوں میں سے ایک ہے بلکہ اسے ٹریفک قانون کی حیثیت بھی حاصل ہے، ایک اور ویڈیو نے اس سچائی کو ثابت کردیا۔

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کی پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک دل دہلا دینے والی ویڈیو پوسٹ کی۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہیلمٹ پہنا ہوا ایک موٹر سائیکل سوار تیزی سے آتا ہے اور سامنے کھڑی گاڑی سے بری طرح ٹکراتا ہے جو اسی وقت آگے بڑھ رہی تھی۔

ٹکرانے کے بعد موٹر سائیکل سوار زمین پر گرتا ہے اور کئی قلابازیاں کھاتا ہے، اس دوران اس کا سر کئی بار زمین سے ٹکراتا ہے لیکن اس کے باوجود وہ اٹھ کھڑا ہوتا ہے۔

ابھی وہ اٹھ ہی رہا ہوتا ہے کہ اس کے قریب موجود پول، جس سے اس کی بائیک ذرا دیر پہلے ٹکرائی تھی، دھڑام سے اس کے اوپر گرتا ہے اور موٹر سائیکل سوار ایک بار پھر زمین پر گر جاتا ہے۔

لیکن اس بار بھی خدا کی قدرت سے وہ محفوظ رہتا ہے اور دوبارہ اٹھ کھڑا ہوتا ہے۔

دہلی پولیس نے اسے ہیلمٹ کی کرامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ خدا بھی ان کی مدد کرتا ہے جو ہیلمٹ پہنتے ہیں۔

ویڈیو کے کیپشن میں لکھا دکھائی دیتا ہے کہ ہیلمٹ پہننا آپ کو ایک دو بار نہیں متعدد بار بچا سکتا ہے۔

اس دل دہلا دینے والی ویڈیو کو اب تک لاکھوں افراد دیکھ چکے ہیں، ایک شخص نے کہا کہ ہیلمٹ سے اس کا سر تو بچ ہی گیا شکر ہے کہ گردن نہیں ٹوٹی۔

بعض صارفین نے مقامی انتظامیہ کو برا بھلا کہتے ہوئے پول کی خستہ حالی پر تنقید کی اور کہا کہ ایک ذرا سی ٹکر لگنے سے پول ہی نیچے گر گیا۔

زیادہ تر افراد نے مذکورہ شخص کی جان بچنے پر اسے خوش قسمت قرار دیا اور ہیلمٹ پہننے پر زور دیا۔