52

ہائیڈروجن غبارہ بے قابو ہونے سے چینی شخص 2 روز تک ہوا میں اڑتا رہا

بیجنگ: چین میں ایک شخص ہائیڈروجن غبارہ بے قابو ہوجانے سے دو روز تک ہوا میں اڑتا رہا، تیسرے روز وہ اپنے مقام سے 320 کلو میٹر دور روس کی سرحد کے قریب اترا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین میں چلغوزوں کی کاشت کے دوران ہائیڈروجن غبارہ قابو سے باہر ہو کر ایک شخص کو 320 کلو میٹر دور تک اڑا لے گیا۔

غبارے میں پھنسے شخص کو بچانے کے لیے مقامی کمپنی، فائر فائٹرز، پولیس اور پیشہ ورانہ ریسکیو اہلکاروں کی 500 سے زائد افراد پر مشتمل ٹیم ریسکیو آپریشن کے لیے حرکت میں آئی۔

مذکورہ شخص جن کا نام ہو تھا، وہ اور ان کے ساتھی اتوار کے روز چین کے شمال مشرقی صوبے ہیلونگ جیانگ کے ایک فارسٹ پارک میں باغ سے چلغوزے چن رہے تھے جب غبارہ ان کے قابو سے باہر ہوا اور اڑتا چلا گیا۔

غبارہ جب قابو سے باہر ہوا تو ہو کے ساتھی نے بچنے کے لیے چھلانگ لگادی لیکن ہو اس میں ہی رہ گئے۔

ریسکیو اہلکار کا ہو سے اڑنے کے بعد اگلی صبح موبائل فون کے ذریعے رابطہ ہوا اور انہوں نے آہستہ آہستہ غبارے سے ہوا نکالنے کا مشورہ دیا تاکہ زمین پر آیا جاسکے۔

لیکن ہو کی پرواز جاری رہی اور وہ مزید ایک روز تک غبارے میں اڑتے رہے اور منگل کی صبح 320 کلومیٹر دور روس کی سرحد کے قریب جا کر زمین پر اترے۔

دو دن طویل فضائی سفر کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہو کا کہنا تھا کہ وہ تقریباً ہار مان چکے تھے، ریسکیو اہلکاروں کا شکریہ ورنہ وہ زندہ نہ ہوتے۔