اسلام آباد: پوری دنیا میں تیزی سے مقبول ہوتی ویڈیو جس کی بہت سی میم بنائی گئی تھی اور اب اسے 30 ستمبر کو بطور این ایف ٹی فروخت کیا جائے گا جس کی آمدنی سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے خرچ کی جائے گی۔
یہ میم درحقیقت سعودی عرب میں ایک پاکستانی اسکول کی ہے جس میں اسکول پرنسپل سحر کامران نمایاں ہیں جو طلبا و طالبات سے بڑے ہو کر پاکستان کی خدمت اور کیریئر کے متعلق پوچھتی ہیں۔
ان میں سے کچھ بچوں نے کہا کہ وہ پائلٹ بنیں گے، ایک بچے نے کہا کہ وہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان جیسے بننا چاہتے ہیں جبکہ ایک بچہ کہتا ہے کہ وہ فوج میں جاکر پاکستان کی حفاظت کرے گا اور بھارت کو تباہ کرے گا۔
اس کے جواب میں پرنسپل ’واؤ گریٹ‘ کہتی ہیں، جو اکثر افراد کو ’واؤ گریپ‘ سنائی دیا اور یوں دو منٹ کی یہ چھوٹی سی ویڈیو ’واؤ گریپ‘ کے نام سے مشہور ہوئی اور لوگوں نے اپنے اپنے انداز میں اس پر میمز بھی بنائیں۔
دوسال قبل یہ ویڈیو کلپ بہت مقبول ہوا اور اب سحر کامران نے کہا ہے کہ اسے بطور ’نان فنجیبل ٹوکن‘ (این ایف ٹی) فروخت کیا جائے گا اور اس کی ساری رقم سیلاب زدگان کو عطیہ کی جائے گی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ’فاؤنڈیشن‘ مارکیٹ پلیس پر یہ ویڈیو فروخت کے لیے رکھی جائے گی اور خیال ہے کہ اچھی قیمت میں فروخت ہوجائے گی۔