برمی اژدہے دنیا کے سب سے بڑے سانپوں کی نسل میں سے ایک ہیں اور ان کے پکڑنے اور شکار کو کھانے کے طریقے مشہور ہیں۔
سانپ حملہ کرنے کے پہلے مرحلے میں شکار کو اپنے جسم سے لپیٹ لیتا ہے اور اس کو طاقت سے جکڑ کر نچوڑ کر رکھ دیتا ہے جب تک وہ دم گھٹنے سے مر نہ جائے۔
خطرناک سانپوں کو پالنے سے متعلق ویڈیوز تو آپ نے بہت دیکھ رکھی ہوں گی لیکن سوشل میڈیا پر ایک ایسی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جسے دیکھ کر خوف کے ساتھ چہرے پر مسکراہٹ بھی آجاتی ہے۔
اس ویڈیو کو دیکھ کر پہلے تو آپ کے رونگھٹے کھڑے ہوجائیں گے لیکن اس کے آخر میں ایک ایسا منظر ہے جو آپ کو ہنسنے پر مجبور کردے گا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بہت بڑا برمی اژدہا ایک لڑکی کی ٹانگ کے گرد مضبوطی سے لپٹا ہوا ہے اور وہ آہستہ آہستہ چل رہی ہے۔
ویڈیو کے دوسرے منظر میں کیفیت ہی الگ ہے کہ دیکھنے والا بے اختیار مسکرا اٹھے، ویڈیو مزاحیہ ہے کیونکہ لڑکی سانپ سے بالکل نہیں ڈر رہی بلکہ اس کا جوتا کھینچ کے لے جانے پر وہ اس سے ناراض ہے۔
ایسا ظاہر ہورہا ہے کہ لڑکی اسی طرح کے خطرناک جانوروں کی ایک دکان پر ملازمت کرتی ہے، بعد ازاں دوسرا ملازم لڑکی کی مدد کے لیے آتا ہے اور سانپ کو اس کی ٹانگ سے علیحدہ کردیتا ہے لیکن اس دوران اس کا جوتا اژدہے کی گرفت میں آجاتا ہے۔
اس کے بعد لڑکی ایک ٹانگ پر لنگڑاتے ہوئے ہوئے اپنا جوتا نکالنے کے لیے سانپ کے پیچھے جاتی ہے، وہ اپنے جوتے کو سانپ کی گرفت سے نکال کر اسے پہن لیتی ہے۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو دیکھ کر صارفین نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا کسی نے حیرت کا اظہار کیا تو کوئی بے اختیار ہنس پڑا اور کوئی اس کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکا۔