واشنگٹن: امریکا میں ایک خاتون نے اپنے بالوں کو 110 فٹ تک بڑھا کر نیا ریکارڈ بنا لیا، خاتون کا کہنا ہے کہ انہوں نے 40 سال قبل اپنے بال بڑھانا شروع کیے تھے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا سے تعلق رکھنے والی 60 سالہ خاتون آشا منڈیلا نے پہلی بار لمبے بالوں کا عالمی ریکارڈ 2009 میں اپنے نام کیا تھا جب ان کے بال 19 فٹ اور 6.5 انچ لمبے تھے۔
اب ان کے بالوں کی لمبائی 110 فٹ تک بڑھ چکی ہے اور ان کی زلفوں کا مجموعی وزن 19 کلو تک پہنچ گیا ہے۔
فلوریڈا کے شہر کلیر مونٹ میں رہنے والی آشا منڈیلا نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کو بتایا کہ انہوں نے 40 سال قبل اپنے بال بڑھانا شروع کیے تھے، اس وقت وہ ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو سے امریکا منتقل ہوئی تھیں۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ بالوں کو زمین پر گھسٹنے سے بچانے کے لیے عموماً اپنے بال کپڑے کی مدد سے لٹکا کر رکھتی ہیں۔