آسٹریا: دنیا میں ایک فٹبال میدان ایسا بھی ہے جو ہرگز ہموار نہیں بلکہ اسے انتہائی نشیبی پہاڑی پر بنایا گیا اور اسی ڈھلوان پر کھلاڑی کھیلتے ہیں اور گول بھی کرتے ہیں۔
اسے ’ایکسٹریم ایلپائن فٹبال‘ کا نام دیا گیا ہے جو بظاہر ناممکن لگتا ہے جسے آسٹریئن ایلپس کی پہاڑیوں پر کھیلا جاتا ہے اور سال 2014 میں اس کی بنیادی رکھی گئی جس سے سیدھے سادھے فٹبال پر مشکل ہونے کا تڑکا لگایا گیا تھا۔
’ میرے نزدیک سیدھا سادہ فٹبال کھیل بوریت سے بھرپور ہوتا ہے، پھر ہمیں خیال آیا کہ کیوں نہ آڑھی ترچھی پہاڑیوں پر فٹبال کے مقابلے رکھے جائیں جسے کھیلنا بہت مشکل ہو۔ خواہش تھی کہ اس کھیل میں کھلاڑی اوپر جائیں اور نیچے آئیں تاکہ کھیل کا مزہ پیدا ہوسکے۔ یہی وجہ ہے کہ اتنے ترچھے میدان کا انتخاب کیا گیا کہ فٹبال حقیقت میں محال ہوجائے،‘ ایکسٹریم فٹبال کے بانی فرانز مائر نے کہا۔
ایلپس کی پہاڑیوں پر ہموار سطح موجود نہیں ہوتی اس کے بعد فٹبال کی ایک نئی قسم منظرِ عام پر آئی جس کے مقابلے آج بھی جاری ہیں۔ یہاں تک کہ ٹیمیں مشکل ترین پہاڑیاں تلاش کرکے اس پر ڈیرہ ڈالتے ہیں۔
اس گیم کے اصول و قوانین عین عام فٹبال جیسے ہی ہیں جن کا خیال رکھا جاتا ہے لیکن اس میں بہت قوت اور اسٹیمنا کی ضرورت ہوتی ہے۔ ایکسٹریم فٹبال میں بار بار گیند نیچے لڑھک جاتی ہے جسے دوبارہ اوپر لایا جاتا ہے۔