امریکی ریاست کولوراڈو کے شہر ڈینور میں ایک خاتون کو ٹک ٹاک پرتنخواہ بتانے پر ملازمت سے فارغ کردیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لیکزی لارسن نامی خاتون نے محض دو ہفتے قبل ایک ٹیکنالوجی کمپنی میں ملازمت شروع کی، حیران کن طور پر صرف 2 ہفتوں میں ہی لیکزی کی پرفارمنس دیکھتے ہوئے ان کی تنخواہ 70 ہزار ڈالر سے بڑھا کر 90 ہزار ڈالر کردی گئی، اس پر خاتون خوشی سے پھولے نہ سمائی تو انہوں نے یہ خوشخبری ٹک ٹاک ویڈیو کے ذریعے لوگوں سے شیئر کی۔
انہوں نے ویڈیو کے ذریعے لوگوں کو طریقے بتانا شروع کیے کہ آپ کیا ایسا کریں کہ تنخواہ میں اضافہ ہوجائے۔
لیکن لیکزی کی یہ خوشی محض کچھ دن تک برقرار رہی، خاتون کے آفس کے کسی شخص نے ٹک ٹاک پر یہ ویڈیوز دیکھ لیں جس کے بعد یہ خبر ان کے باس تک پہنچ گئی جنہوں نے فوری طور پر لیکزی لارسن کو ملازمت سے فارغ کردیا۔
لیکزی کے مطابق ان کے باس کو یہ خدشات لاحق تھے کہ اگر وہ اپنی تنخواہ کی تفصیلات لوگوں سے شیئر کرسکتی ہیں تو وہ یقیناً آفس کی خفیہ باتیں بھی دوسروں کو بتاسکتی ہیں لہٰذا سکیورٹی وجوہات کی بنا پر اسے ملازمت سے فارغ کردیا گیا۔