کیلیفورنیا: کہتے ہیں کہ سر بڑا سردار کا اور پیر بڑا گنوار کا، مگر اس امریکی شہری کا باقی تمام پیر تو صحیح جسامت کا ہے لیکن بائیں پاؤں کا انگوٹھا اتنا بڑا ہے کہ شدید تکلیف کا باعث بن کر رہ گیا ہے۔ کیلیفورنیا کے رہائشی برائن ملز جب پیدا ہوئے تو ان کے بائیں پیر کا انگوٹھا معمول سے خاصا بڑا تھا، جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ تیزی سے بڑھتا رہا۔
جب وہ صرف دو سال کے ہوئے تو الٹے پیر کا انگوٹھا اتنا بڑا ہوچکا تھا کہ اس کے برابر والی انگلی کاٹنا پڑی، جس کے بعد یہ انگوٹھا اور بھی تیزی سے بڑھنے لگا۔
برائن کو بچپن ہی سے اس بڑے انگوٹھے کی وجہ سے پریشانی کا سامنا تھا کیونکہ نہ صرف ان کے ہم جماعت اسی انگوٹھے کی وجہ سے ان کا مذاق اُڑاتے رہتے تھے بلکہ جوتے کے اندر بار بار رگڑ کی وجہ سے اس انگوٹھے کے ساتھ ہمیشہ کوئی نہ کوئی مسئلہ ہی رہتا تھا۔
علاوہ ازیں برائن کےلیے چلنا پھرنا اور متوازن ہو کر کھڑے رہنا بھی ایک مسئلہ بن کر رہ گیا تھا۔ وہ اکثر اپنی کیفیت کو ایک جملے میں بیان کرنے کےلیے کہا کرتے: میرے پیر مجھے قتل کررہے ہیں!
جب یہ تکلیف ان کی برداشت سے باہر ہوگئی تو انہوں نے سرجن سے رجوع کیا، جس نے تفصیلی معائنے اور کئی زاویوں سے پاؤں کے ایکسریز لینے کے بعد اس انگوٹھے ہی کو جڑ سے کاٹنے کا مشورہ دیا جسے برائن نے خوشی خوشی قبول کرلیا۔
طویل آپریشن کے بعد ان کے پیر کا بڑھا ہوا انگوٹھا مکمل طور پر کاٹ دیا گیا جبکہ ان سے چند ماہ تک پیر پر دباؤ نہ ڈالنے کا بھی کہا گیا۔ اس وقت برائن کے پیروں میں صرف 8 انگلیاں ہیں لیکن وہ خوش ہیں کہ انہیں ایک اذیت سے نجات مل چکی ہے۔