344

دبئی: سگریٹ کا ایک ٹکڑا پھینکنے پر 500 درہم جرمانہ

دبئی میونسپل انتظامیہ کی جانب سے صفائی اور ماحول کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سڑکوں اور گلیوں میں سگریٹ کا ٹکڑا پھینکنے پر 500 درہم (تقریباً 15 ہزار 140 پاکستانی روپے) تک کا جرمانہ عائد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

خلیج ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ حکم دبئی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے جاری کیا گیا ہے، جس کے مطابق اب جو کوئی بھی سگریٹ پی کر اس کے ٹکڑے راستے میں پھینکے گا اسے لازمی جرمانہ دینا پڑے گا۔

سگریٹ کے ٹکڑے پھینکنے پر پابندی 2003 کے لوکل آرڈر نمبر 11 کے تحت لگائی گئی ہے۔

اس پابندی کا مقصد ماحول کو آلودگی سے بچانا  اور صفائی ستھرائی کو فروغ دینا ہے۔

حکمنامے میں مزید کہا گیا کہ اگر کسی فرد نے خلاف ورزی کی تو اس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

جرمانہ عائد کرنے کے حوالے سے دبئی میونسپل انتظامیہ نے سوشل میڈیا کے ذریعے بھی آگاہی فراہم کی ہے تاکہ کوئی بھی شہری اس سے لاعلم نہ رہے۔