46

حیرت انگیز صلاحیتوں کی حامل کم عمر ذہین بچی

چینائی: بھارت میں 6 سالہ بچی سارہ نے آنکھوں میں پٹی بندھی ہونے کے باوجود شش پہلو مکعب (Rubik’s Cube) ) کو صرف 2 منٹ 7 سیکنڈ میں حل کرکے سب سے کم عمر ذہین بچی کا اعزاز حاصل کرلیا۔

یہ تو سب ہی جانتے ہیں کہ ذہانت کا تعلق ذات پات، رنگ نسل یا قوم سے نہیں ہوتا، بھارت میں محض 6 سالہ باصلاحیت بچی نے یہ بھی ثابت کردیا کہ  ذہانت کا تعلق عمر سے بھی نہیں ہوتا۔

گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام شامل کرانے کے لیے بھارتی شہر چنائی سے تعلق رکھنے والی سارہ نے معروف تامل شاعر ویرا مُتھو کی ایک نظم کو گنگناتے  ہوئے محض 2 منٹ اور 7 سیکنڈ میں ریوبک کیوب کو حل کرلیا۔

گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے لیے تامل ناڈو کیوب ایسوسی ایشن نے اس مقابلے کا انعقاد کیا تھا۔ تامل ناڈو کیون ایسوسی ایشن نے سارہ کو سب سے ذہین بچی کے اعزاز سے نوازا، میڈل اور اسناد بھی پیش کی گئیں۔

بچی کے والد نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ سارہ خداداد صلاحیتوں کی مالک ہے اور 2 سال کی عمر سے ہی ریوبک کیوب سے کھیلنے لگی تھی، 4 سال کی عمر سے ریاضی کے مشکل سوالات کو حل کرلیا کرتی تھی اور ذہانت کے کئی مقابلے جیتے۔