عام طور پر بلڈرز مکان مالکان سے کیے گئے وعدوں پر پورا نہیں اُترتے اور اکثر اپنے وعدوں کے برعکس کام کرتے ہیں اور ایسا ہی واقعہ چین میں بھی پیش آیا۔
چین کے شہر چانگشا میں حال ہی میں ایک بلڈر نے مالکان کو نئے رہائشی کمپلیکس میں پارک اور جھیل کے نام پر پلاسٹک کی جھیل بنا کر چونا لگادیا۔ رہائشی کمپلیکس کے مالکان کا کہنا ہے کہ بلڈر نے ان سے کمپلیکس میں جھیل اور پارک ویو بنانے کا کہا تھا لیکن یہ سب دیکھنے کے بعد ہم بہت ناخوش ہیں۔
مالکان نے بتایا کہ کمپلیکس کا درمیانی جھیل والا حصہ ایک نیلے رنگ کے پلاسٹک کے مواد سے بنا ہوا تھا جو کہ ایک جعلی جھیل تھی، اس نقلی پلاسٹک کی جھیل پر لکڑی کا چھوٹا سا پُل بنایا گیا تھا اور یہ ویسی نہیں تھی جس کی لوگ امید کر رہے تھے۔
رہائشی کمپلیکس کے ایک اور مالک کا کہنا تھا کہ ’میں جھیل کے بیچ میں پانی پر کھڑا ہوں، اس جھیل میں پانی نہیں بلکہ یہ ایک پلاسٹک سے بنی نقلی جھیل ہے۔‘
متعدد مالکان نے بلڈر کے بنائے ہوئے اس نقلی لیک ویو سے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔
دوسری جانب عمارت تعمیر کرنے والی کمپنی کا کہنا تھا کہ ہم نے کبھی بھی اپنے اپارٹمنٹ کمپلیکس کے اندر مصنوعی جھیل کا وعدہ نہیں کیا تھا جب کہ مالکان کا کہنا ہے کہ اس رہائشی کمپلیکس کے بروشر میں پلاسٹک کی جھیل سے زیادہ خوبصورت جھیل بنی ہوئی دکھائی دے رہی تھی۔