عموماً ہم نے کسی لڑکی کو شادی کی پیشکش یا بطور تحفہ ہیرے یا سونے کی انگوٹھی دینے کے بارے میں تو اکثر سنا ہے لیکن ایسا شاید ہی سنا ہو کہ کسی شخص نے اپنی منگیتر یا بیوی کو تحفے میں ناخنوں سے بنی انگوٹھی دی ہو۔
ہم آپ کو آج ایک ایسی انگوٹھی کے بارے میں بتائیں گے جس کے اوپر ہیرے کی جگہ ناخنوں سے بنا ہوا نگینہ لگا ہوا ہے۔ جاپان میں اپنی ویڈیوز کی وجہ سے مشہور کیوامی نامی شخص نے حال ہی میں بے حد مختلف چیلنج کیا جس میں اس نے انگوٹھی کے اوپر لگے ہیرے یا نگینے کو اپنے ایک سال سے جمع کیے ہوئے ناخنوں سے بنا کر سب کو حیران کر دیا۔
کیوامی نے ایک سال تک اپنے ناخنوں کو ایک برنی میں جمع کیا جس کے بعد ان ناخنوں سے انہوں نے انگوٹھی پر لگے ہیرے یا نگینے کو بنایا۔ ناخنوں سے بنے اس کالے رنگ کے نگینےکو دیکھ کر ہر خاتون اس انگوٹھی کو پہننے کی خواہش کرے گی کیونکہ یہ دکھنے میں بے حد خوبصورت ہے۔
اس انگوٹھی کے اوپر لگے نگینے کو دیکھ کر کوئی بھی یہ نہیں پہچان سکتا کے یہ نگینہ کس چیز سے بنایا گیا ہے۔ کیوامی نے یہ ویڈیو جولائی میں بنائی تھی جس کے بارے میں حال ہی میں ہانگ کانگ کے اخبار میں خبر شائع کی گئی۔
ساؤتھ چائنہ مارننگ پوسٹ میں شائع ہونے کے بعد یہ یوٹیوبر اسٹار بے حد مقبول ہو گیا اور اس کی ویڈیو بھی خوب وائرل ہوگئی۔ لوگوں نے اس انگوٹھی کو بنانے کی ویڈیو کو دیکھنے کے بعد کیوامی کے کام کو خوب سراہا اور انہیں داد بھی دی۔
کیوامی نے اس انگوٹھی کے نگینے کو بنانے کے لیے سب سے پہلے ایک سال سے جمع کیے جانے والے ناخنوں کو گرائنڈر کی مدد سے بالکل باریک پیسا۔
ناخنوں کو پیسنے کے بعد انہوں نے اس میں پانی ملا کر اسے یکجا کرلیا جس کے بعد اسے ایک نٹ بولٹ کے سانچے میں ڈال کر اس پر مشین کی مدد سے دباؤ ڈالا۔
کیوامی نے دباؤ ڈالنے کے بعد اسے 150 ڈگری سینٹی گریڈ پر چند منٹ کے لیے پکایا جس کے بعد ناخنوں سے بنی یہ چیز کالے رنگ کے پتھر کی طرح دکھنے لگی۔
بعد ازاں انہوں نے ایک سلور کی انگوٹھی پر ناخنوں سے بنی پتھر نما شے کو پالش کیا جس کے بعد وہ بالکل کالے رنگ کے نگینے کی طرح دکھنےلگی اور اسے دیکھنے کے بعد کوئی بھی اس بات کا اندازہ نہیں لگا سکتا کے یہ ناخنوں سے بنی ہے۔
اس ویڈیو کو وائرل ہونے سے قبل ہی لاکھوں لوگوں نے دیکھا تھا مگر اخبار میں شائع ہونے کے بعد سے اس ویڈیو کو مزید پذیرائی حاصل ہوئی۔