70

اقوام متحدہ میں خطاب سے پہلے سیلفی لینے والے صدر

نیویارک سٹی: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74 ویں اجلاس میں ایل سیلواڈور کے صدر نائیک بوکیلے نے ڈائس پر پہنچ کر کیمرہ نکالا اور سب سے پہلے سیلفی لی اور پھر تقریر کا آغاز کیا۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اس وقت دلچسپ صورت حال پیدا ہوگئی جب ایل سیلواڈور کے صدر نائیک بوکیلے کو خطاب کے لیے مدعو کیا گیا، نائیک بوکیلے نے ڈائس پر پہنچ کر سب سے پہلے اپنی جیب سے آئی فون 11 نکالا اور سامعین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’ ایک منٹ ٹھہریں ! میں ذرا سیلفی لے لوں‘۔

اتنے اہم اور سنجیدہ فورم پر ایل سیلواڈور کے صدر نے سیلفی لینے کے لیے اپنی تقریر کو کچھ لمحے کے لیے موخر کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’یقین کریں کہ سوشل میڈیا پر بہت سے لوگ اس سیلفی دیکھیں گے اور پھر میری تقریر سنیں گے، مجھے امید ہے کہ میں ایک اچھی سیلفی لوں گا۔‘

سیلواڈور کے صدر نے سیلفی میں اجلاس کے صدر اور بیک گراؤنڈ کو بھی شامل کیا اور پھر اپنی تقریر کا آغاز کیا۔ نائیک بوکیلے جو حال ہی میں ایل سیلواڈور کے صدر منتخب ہوئے ہیں اپنے ملک کے ایک کامیاب تاجر ہیں اور وہ اس سے قبل میئر بھی رہ چکے ہیں۔