بیجنگ: چینی حکام پر دنیا کی سب سے بڑی تعمیرات کا جنون سوار ہے۔ اب دنیا کا سب سے بڑا ایئرپورٹ آخری مراحل میں پہنچ گیا ہے جس کا باقاعدہ آغاز 2025 میں ہوجائے گا۔
’’اسٹار فِش ایئرپورٹ‘‘ بیجنگ میں بڑھتی ہوئی پروازو ں کو سنبھالنے کےلیے بنایا گیا ہے جہاں سالانہ 7 کروڑ 20 لاکھ لوگوں کی آمدورفت متوقع ہے جبکہ صرف اس کی چھت کی وسعت فٹبال کے 25 میدانوں کے برابر ہے!
بیجنگ سے 46 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ایئرپورٹ کا رقبہ 700000 مربع میٹر ہے جس میں ٹرمینل کی جگہ 80000 مربع میٹر کے برابر ہے۔ ہر سال اس میں مزید 10 کروڑ مسافروں کی آمدورفت کی جگہ بناتے ہوئے اسے توسیع دی جائے گی۔
مرکزی ٹرمینل 13 جون کو مکمل کرلیا گیا ہے جسے بنانے میں صرف چار سال لگے۔ اس میں چار الگ الگ فلور ہیں جو مسافروں کی آمدورفت کو تیز اور آسان بناتے ہیں۔ اس کے علاوہ ایک بہت بڑا شاپنگ مال اور کئی کیفے اور کھانے پینے کی دکانیں بھی تعمیر کی جارہی ہیں۔
ایئرپورٹ کے اندر پانچ عدد چینی باغات تعمیر کیے گئے ہیں جہاں مسافر بیٹھ کر پرسکون انداز میں اپنا وقت گزارسکتے ہیں۔ اس کی تعمیر میں مسافروں کے وقت کی بچت کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔ زلزلے سے بچانے کےلیے اس میں خاص ربڑ سے بنے 2000 سے زائد ستون لگائے گئے ہیں۔ صرف کھڑکیوں اور چھت پر شیشے کے 8 ہزار سے زائد بڑے ٹکڑے لگائے گئے ہیں۔
ایئرپورٹ پر خاص ایئر ٹریفک کنٹرول سسٹم بنایا گیا ہے جو بہت سہولت سے فی گھنٹہ 250 پروازوں کی آمدورفت سنبھال سکتا ہے۔