55

سینکڑوں کریڈٹ کارڈز کی معلومات یاد رکھ کر استعمال کرنے والا جعلساز گرفتار

جاپان: اللہ نے انسان کو کوئی نہ کوئی صلاحیت ضرور بخشی ہے لیکن غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل افراد اکثر اوقات اس کا غلط استعمال کرتے ہیں۔ ایسا ہی ایک واقعہ جاپان میں پیش آیا ہے جہاں ایک بڑے اسٹور کے کلرک نے نہ صرف اپنی فوٹو گرافک یادداشت سے 1300 افراد کی کریڈٹ کارڈز کی تفصیلات یاد رکھیں بلکہ انہیں آن لائن استعمال بھی کیا۔

جاپانی شہر کوٹو کے رہائشی 34 سالہ  یوسوکی تانی گوچی اب گرفتار ہوچکا ہے اور اس پر 1300 افراد کے کریڈٹ کارڈ استعمال کرتے ہوئے انٹرنیٹ پر اشیا خریدنے کا الزام ثابت ہوگیا ہے۔ یہ کلرک اپنے غیرمعمولی حافظے کی بنیاد پر لوگوں کے نام اور کریڈٹ کارڈ کمپنی اور پاس ورڈ یاد کرلیا کرتا تھا ۔ اس کے بعد وہ اسے ایک ڈائری پر لکھتا تھا۔ اس طرح ایک ہزار سے زائد گاہکوں کا ڈیٹا اس نے یاد کرلیا۔

یوسوکی کے مطابق اسے تمام تفصیلات یاد کرنے میں چند سیکنڈ ہی لگتے ہیں اور وہ 16 حرفی کریڈٹ کارڈ نمبر فوراً یاد کرلیا کرتا ہے۔ اسی کے ساتھ وہ کریڈٹ کارڈ کمپنی، سیکیورٹی کوڈ، اختتامی تاریخ اور دیگر معلومات  کو ازبر کرکے کچھ دیر بعد ایک ڈائری میں لکھا کرتا تھا۔ اس سے برآمد ہونے والی ڈائری میں سیکڑوں افراد کی تفصیل ملی ہے۔

اس کے بعد اس نے کریڈٹ کارڈ کی معلومات کو ہوٹلوں، شاپنگ سینٹر اور آن لائن خریداری میں بھی استعمال کیا جن میں 2500 ڈالر کے بیگ بھی شامل ہیں۔ یوسوکی تانی گوچی کی گرفتاری کے بعد پولیس اس کے جرائم کا اندازہ لگانے کی کوشش کررہی ہے۔