203

یہ کاغذ پر بنے اسکیچز نہیں، ریستوران کی حقیقی تصاویر ہیں!

ٹوکیو: اگر آپ سمجھ رہے ہیں کہ یہ ہاتھ سے بنائے ہوئے خاکے (اسکیچز) ہیں تو آپ غلطی پر ہیں کیونکہ یہ جاپانی دارالحکومت ٹوکیو میں ایک اصلی ریستوران کی حقیقی تصاویر ہیں۔

اس ریستوران میں دیواروں، فرش، میزوں، کرسیوں اور برتنوں تک کو اس انداز سے ڈیزائن کیا گیا ہے کہ کسی بھی زاویئے سے دیکھنے پر وہ کاغذ پر بنے اسکیچ کی طرح نظر آتے ہیں۔

ٹوکیو کے علاقے شِن اوبیوکو میں کھلنے والا یہ ریستوران ’’ٹو ڈی کیفے‘‘ (2D Cafe) یہاں آنے والے لوگوں بالخصوص سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے اور اس کی تصویریں سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہورہی ہیں۔

البتہ یہ دنیا میں اپنی نوعیت کا پہلا ریستوران نہیں بلکہ ’’کیفے یی اونام ڈونگ‘‘ کے ڈیزائن سے واضح طور پر متاثر ہے جو پچھلے ایک سال سے جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں کام کررہا ہے۔ یہاں تک ہے کہ جاپان کے ’’ٹو ڈی کیفے‘‘ میں کئی مقامات مذکورہ جنوبی کوریائی ریستوران سے غیرمعمولی مشابہت دکھائی دیتی ہے۔

بہرکیف، کچھ بھی ہو، کھانے کے ساتھ ساتھ اچھوتے مناظر سے دلچسپی رکھنے والوں کےلیے یہ ریستوران یقیناً ایک دلچسپ جگہ ہے۔