بیجنگ: چین میں آلودہ ہوا صاف کرکے اسے صاف حالت میں لانے کےلیے ایک ٹاور بنایا گیا ہے جو نچلی فضا میں موجود ہوا کو بڑی حد تک صاف کردیتا ہے۔
اسے ہوا صاف کرنے والا دنیا کا بلند ترین ’ایئر پیوریفائر ٹاور‘ کہا جارہا ہے جس کی اونچائی 100 میٹر ہے اور اسے چین کے مصروف شہروں میں بڑھتی ہوئی آلودگی اور اسموگ ختم کرنے کےلیے تیار کیا گیا ہے۔
چین میں گاڑیوں اور صنعتوں کی بہتات سے وہاں کے مصروف ترین شہروں میں اسموگ کا مسئلہ گمبھیر ہوچکا ہے جسے درست کرنے کےلیے مختلف طریقوں پر غور کیا جارہا ہے۔ پہلے مرحلے میں صوبہ شانژی کے شہر ژیان میں اسے تعمیر کیا گیا ہے۔ اس کی تیاری اور آزمائش کا کام چینی اکادمی برائے سائنس کے تحت ارضی ماحولیاتی انسٹی ٹیوٹ کے ماہرین نے کیا ہے۔