74

دنیا کی بہترین ایئرلائن کا مسافروں کی ویڈیوریکارڈنگ کرنےکا اعتراف

دنیا کی بہترین ترین ایئرلائنز کمپنیوں میں شمار ہونے والی ہانگ کانگ کی ایئر لائن کمپنی ’کیتھے پیسفک‘ نے اعتراف کیا ہے کہ وہ اپنے مسافروں کی ویڈیو ریکارڈنگ کرتی رہی ہے۔

کیتھے پیسفک انتظامیہ کی جانب سے مسافروں کی ویڈیو ریکارڈ کیے جانے کے اعتراف کے بعد ایئرلائن کو استعمال کرنے والے کروڑوں افراد تشویش میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

ایئر لائن کمپنی کی جانب سے مسافروں کی ویڈیو ریکارڈنگ کرنے کا اعتراف ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب کہ دیگر ایئرلائنز کمپنیوں کی جانب سے بھی مسافروں کی ویڈیو ریکارڈنگ کیے جانے کی باتیں سامنے آئی ہیں۔

کیتھے پیسفک نے گزشتہ ماہ ہی اپنی نئی پرائیویسی پالیسی کا اعلان کیا تھا، جس میں کمپنی نے کئی اصلاحات متعارف کرائی تھیں۔

کمپنی نے پرائیویسی پالیسی میں بھی اعتراف کیا تھا کہ وہ اپنے صارفین کی ذاتی معلومات حاصل کرتی ہے اور وہ اس معلومات کو اپنے ڈیٹا بینک میں رکھتی ہے۔

کمپنی کے مطابق وہ اپنے صارفین کا ذاتی ڈیٹا ٹریول ایجنٹس سمیت، صارفین کی جانب سے استعمال کی جانے والی سوشل میڈیا ایپلی کیشنز اور کمپنی کی استعمال کی جانے والی سہولیات سے حاصل کرتی ہے۔تاہم اب کمپنی نے اعتراف کیا ہے کہ کیتھے پیسفک مسافروں کی ویڈیو ریکارڈنگ بھی کرتی ہے۔

ٹائمز میگزین کے مطابق ’کیتھے پیسفک‘ انتظامیہ نے اعتراف کیا ہے کہ وہ اپنے مسافروں کی ویڈیو ریکارڈنگ کرتی ہے۔ایئرلائن کمپنی کے مطابق مسافروں کی ویڈیو ریکارڈنگ کرنے کا مقصد انہیں بہتر سے بہتر سہولیات اور سیکیورٹی فراہم کرنا ہے۔

کمپنی کے مطابق دنیا بھر کے ایئرپورٹس پر کیتھے پیسفک کے لائونچز سمیت جہاز میں بھی سی سی ٹی وی کیمرا لگے ہوئے ہیں، جن کے ذریعے مسافروں کی ویڈیو ریکارڈنگ کی جاتی ہے۔

کمپنی نے بتایا کہ جہاز میں کاک پٹ کے حصے میں خفیہ کیمرا نصب ہوتے ہیں، جن سے مسافروں کی ایئرلائن میں موجودگی کے وقت کی ریکارڈنگ کی جاتی ہے۔کمپنی نے وضاحت کی کہ وہ مسافروں کی جہاز کے اندر ریکارڈ کرتی ہے، تاہم جہاز کے باتھ روم ایریا میں کوئی خفیہ کیمرا نہیں اور نہ ہی اس حصے کی ریکارڈنگ کی جاتی ہے۔

کیتھے پیسفک انتظامیہ کے مطابق ویڈیو ریکارڈنگ سے حاصل کی جانے والی تصاویر اور مواد کو انتہائی ذمہ داری کے ساتھ محفوظ کیا جاتا ہے اور کسی بھی طرح کا مواد غیر ذمہ داری کے ساتھ شیئر نہیں کیا جاتا۔

تاہم کمپنی کی جانب سے مسافروں کی ویڈیو ریکارڈنگ کیے جانے کے اعتراف کے بعد ایئرلائن پر سفر کرنے والے کروڑوں لوگ پریشانی میں مبتلا ہوگئے ہیں۔