73

کینیڈا میں مینڈکوں کی سالانہ نقل مکانی پر خصوصی انتظامات ​​​​​​​

برٹش کولمبیا، کینیڈا: یہ جانور دوست خبر کینیڈا کے ایک چھوٹے سے علاقے وسلر سے آئی ہے جہاں مینڈکوں کی سالانہ نقل مکانی شروع ہوگئی ہے اس موقع پر کئی اہم سڑکوں کو بند کیا گیا ہے۔

ہرسال کینیڈا میں برٹش کولمبیا کے علاقے وسلر میں موجود ایک جھیل سے  مینڈکوں (ٹوڈ) کے انتہائی چھوٹے بچے طویل سفر طے کرکے قریبی جنگلات کا رخ کرتے ہیں جسے سالانہ نقل مکانی قرار دیا جاتا ہے۔ یہ بچے جھیل پر دیئے گئے انڈوں میں سے نکلتے ہیں۔ اس موقع پر جانور دوست انتظامیہ نے لوسٹ نامی جھیل کا راستہ بند کردیا ہے۔ اس طرح ایک چھوٹے جانور کو بچانے کے لیے بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

بلدیاتی انتظامیہ نے جھیل کا راستہ بند کرنے کے ساتھ ساتھ اطراف کی پارکنگ اور لان میں منعقد ہونے والی تقاریب منسوخ کردی ہیں۔ توقع ہے کہ اس سال مینڈکوں کے 40 ہزار سے زائد بچے نقل مکانی کریں گے۔ جنگلی حیات کے ماہرین نے ان کے لیے خصوصی راستے بھی بنائے ہیں۔

مینڈک کے بچے انسانی ناخن جتنے ہوتے ہیں اور اسی بنا پر لوگ انہیں نظرانداز کرتے ہوئے کچل دیتے ہیں۔ اسی بنا پر سڑکوں پر جابجا انتباہی بورڈ اور بینر بھی نصب کئے گئے ہیں۔ اگرچہ ابھی نقل مکانی عروج پر نہیں پہنچی ہے بصورتِ دیگر ان کی بقا کے لیے مزید اقدامات کئے جائیں گے۔

ایک جانب تو بالغ مینڈک جھیل میں آکر نسل خیزی کرتے ہیں تو دوسری جانب وہ جھیل میں الجی وغیرہ کھاکر انہیں صاف بھی رکھتے ہیں ۔ اسی لیے ان جانوروں کو غیرمعمولی اہمیت دی جاتی ہے۔