78

بھارتی خاتون نے زیوارت پہننے کی بجائے نگل لیے

بھارت میں اپنی نوعیت کا ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جہاں ڈاکٹرز نے خاتون نے آپریشن کرکے خاتون کے پیٹ سے لاکھوں روپے مالیت کے زیورات نکال لیے۔

ریاست مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والی 22 سالہ رونی نامی خاتون کی اچانک طبیعت بگڑنے اور ہر کھانے کے بعد فوراً اُلٹی ہونے کی وجہ سے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے خاتون کا طبی معائنہ کیا۔

ڈاکٹرز نے فوری طور پر خاتون کے پیٹ کا اسکین کیا جس کے بعد وہ خود بھی حیران رہ گئے کیونکہ خاتون کے پیٹ میں زیورات کا ذخیرہ پایا گیا جس میں 69  گلے میں پہننے والی چین، 80 بُندے، 8  لاکٹس، 11 ناک میں پہننے والی (نوز رنگز) , 5 پازیب جب کہ ایک گھڑی بھی شامل تھی۔

خاتون کی والدہ کا کہنا تھا کہ یہ تمام چیزیں اس نے اپنے بھائی کی دکان سے حاصل کی تھیں اور انہیں اس بات کا بالکل بھی اندازہ نہیں تھا کہ ان کی بیٹی یہ تمام زیورات نِگل رہی ہے۔

رونی کے گھر والوں نے بتایا کہ جب بھی کوئی اس سے غائب ہونے والی چیزوں کے بارے میں پوچھتا تھا تو یہ رُو پڑتی تھی اور کبھی بھی اس نے ہمیں یہ بات نہیں بتائی کہ یہ تمام چیزیں یہ نِگل جاتی ہے۔

مقامی سرکاری اسپتال میں داخل ہونے سے قبل رونی کو بے شمار نجی اسپتال میں لے جایا گیا تھا مگر وہاں کی ادویات سے اس کی صحت میں کوئی بہتری نہیں آئی تھی۔

خاتون کا آپریشن کرنے والے ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ مریضہ کے پیٹ میں زیادہ تر چیزیں تانبے اور پیتل کی تھیں اور انہیں جب اسپتال لایا گیا تو یہ بے حد کمزور تھیں جب کہ اُس وقت مریضہ کی حالت ایسی تھی کہ یہ کوئی بھی چیز نہیں کھا سکتی تھیں۔

ڈاکٹر نے مزید بتایا کہ آپریشن کے دوران مریضہ کی حالت بے حد تشویش ناک تھی اور دوران آپریشن خون کی کمی کے باعث انہیں خون کی 5 بوتلیں چڑھائی گئیں۔