کیلیفورنیا: شارک کو عام طور پر خونخوار اور دوسری مچھلیوں کو کھانے والی سمندری مخلوق سمجھا جاتا ہے۔ لیکن گزشتہ دنوں سمندر کی تہہ میں بنائی گئی ایک اچھوتی ویڈیو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ بظاہر معصوم اور بے ضرر دکھائی دینے والی مچھلیاں بھی شارک کےلیے موت کا پیغام بن سکتی ہیں۔
امریکا کی ’’نیشنل اوشیانک اینڈ ایٹموسفیرک ایڈمنسٹریشن‘‘ (NOAA) نے گزشتہ ہفتے ایک مختصر ویڈیو ریلیز کی جو کیلیفورنیا کے ساحل سے کچھ دوری پر سمندری تہہ میں، غیر انسان بردار آبدوز روبوٹ کی مدد سے بنائی گئی تھی۔ ویڈیو میں ایک ’’تلوار مچھلی‘‘ (سورڈ فش) سمندر کی تہہ میں مری پڑی ہے اور شارک مچھلیاں اسے بھنبھوڑنے میں مصروف ہیں:
البتہ اس ویڈیو میں 1 منٹ 42 سیکنڈ (1:42) پر منظر بدلتا ہے اور سمندری تہہ میں رہنے والی ’’ریک فش‘‘ (wreckfish) دکھائی دیتی ہے۔ پھر دور سے لیے گئے منظر کے ایک کونے میں روشن دائرہ نظر آتا ہے جس پر غور کرنے سے پتا چلتا ہے عام سی دکھائی دینے والی یہ ریک فش، پوری کی پوری شارک کو سالم نگلنے میں مصروف ہے۔ اس کے بعد زاویہ بدلتا ہے اور ریک فش کو قریب سے دکھایا جاتا ہے: ریک فش، شارک کو آہستہ آہستہ چبانے میں مصروف ہے۔
نوآ سے وابستہ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ وہ غیر انسان برادر آبدوزوں اور طاقتور کیمروں کی مدد سے سمندری تہہ کی فلم بندی کرتے رہتے ہیں لیکن ایسے نظارے کئی برسوں میں ایک دو بار ہی دیکھنے میں آتے ہیں۔ ان کے مطابق، یہ ریک فش تقریباً 8 فٹ لمبی تھی جبکہ اس کا شکار ہونے والی شارک ’’ڈاگ فش‘‘ قسم سے تعلق رکھتی تھی جس کی جسامت خاصی کم، یعنی تین سے چار فٹ تک ہوتی ہے۔