چین میں سرکس کی ریہرسل کے دوران شیر اور چیتے نے اچانک گھوڑے پر حملہ کردیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی چین میں منعقد ہونے والے سرکس کی تیاری کے سلسلے میں وہاں ایک شیر، چیتا اور گھوڑا موجود تھے اور عملہ انہیں کرتب دکھانے کی تربیت فراہم کررہا تھا۔
سرکس میں شیر اور چیتے کو گھوڑے کی پشت پر سوار ہوکر دکھانا تھا تاہم ریہرسل کے دوران اچانک شیر نے گھوڑے پر حملہ کردیا اور اس کی ٹانگ پر اپنے نوکیلے دانت گاڑ دیے۔
شیر کو دیکھ کر چیتے نے بھی پیچھے سے گھوڑے پر حملہ کردیا اور یوں محسوس ہورہا تھا کہ یہ دونوں مل کر گھوڑے کو اپنا نوالہ بنالیں گے۔
گھوڑا خود کو بچانے کے لیے سرتوڑ کوششیں کررہا تھا اور اندر موجود ٹرینرز بھی گھوڑے کو بچانے کی کوششیں کررہے تھے۔
گھوڑا رِنگ کے اندر ادھر ادھر بھاگ رہا تھا جبکہ شیر اور چیتا اس سے چمٹے ہوئے تھے حالانکہ ٹرینر شیر اور چیتے پر مسلسل کوڑے برسارہے تھے۔
بالآخر کچھ دیر کی تگ و دو کے بعد سرکس کا عملہ گھوڑے کو ان خونخوار جانوروں سے علیحدہ کرنے میں کامیاب ہوگیا۔
بعد ازاں سرکس میں کام کرنے والے ایک شخص نے بتایا کہ اس واقعے میں گھوڑے کو معمولی زخم آئے ہیں تاہم اس کی جان کو کوئی خطرہ نہیں۔
اس شخص نے یہ بھی بتایا کہ سرکس کے دوران ایسے واقعات کا رونما ہونا معمول کی بات ہے۔
دوسری جانب چین میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے سرکس پر پابندی لگائی جائے جہاں جانوروں کو استعمال کیا جاتا ہے کیوں کہ یہ جانوروں کے حقوق کے خلاف ہے۔