109

روسی طالبعلم دوسروں کیلئے خوبصورت دستخط بناکر لاکھوں کمانے لگا

ماسکو: ہر شخص کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کے دستخط (سگنیچر) خوبصورت اور مختلف ہوں۔ اسی ضرورت کے تحت روسی طالب علم نے دستخط تجویز کرنے کی سہولیات پیش کی ہے اور اب وہ لاکھوں میں کھیل رہے ہیں۔

لوگوں کی بڑی تعداد ان کے پاس دستخط ڈیزائن کرانے آتی ہیں اور وہ اس کے لیے رقم وصول کرتے ہیں۔ اپنی آن لائن سروس کے تحت وہ تاجروں، مینیجروں اور دیگر کاروباری اور مشہور شخصیات کے لیے دستخط تیار کرتے ہیں اور لوگ خوش ہوکر اس کے لیے خطیر رقم ادا کرتے ہیں۔

ایوان جب 20 سال کے ہوئے تو انہیں اپنا پاسپورٹ بدلوانے کی ضرورت پیش آئی لیکن وہ اپنے پرانے دستخط سے اکتا چکے تھے اور خوبصورت دستخط کی تلاش میں تھے۔ اس موقع پر خطاطی کی ماہران کی ایک دوست نے ان کے لیے دستخط تیار کرکے دیئے اور اسے بنانے کا طریقہ بھی سکھیا۔ اس کے بعد ایوان کو دستخط تیار کرنے والی کمپنی کھولنے کا خیال آیا۔

اس کے بعد دونوں نے بعض دستخطوں کے نمونے انسٹا گرام پر ڈالے اور چند سو ڈالر کمپنی کی تشہیر میں خرچ کئے ۔ اگلے 12 گھنٹوں میں ان کے پاس پہلا کام آگیا اور کام اتنا بڑھا کہ انہیں ایک اور ڈیزائنرخوش خط کو ملازمت پر رکھنا پڑا۔ اس طرح دسمبر 2018 میں قائم ہونے والی اس کمپنی کی آمدنی اب 30 ہزار ڈالر سالانہ سے بھی تجاوز کرچکی ہے۔ یہاں ایوان کی دوست اینستاسیا کے ساتھ ساتھ مزید کئی خطاط کام کررہے ہیں جو خاص قسم کے آٹوگراف جیسے دستخط بنا کر دیتے ہیں۔

رائٹ ٹائٹ کمپنی کے تحت اب روزانہ تین سے چار آرڈر آرہے ہیں۔ روس کے علاوہ برطانیہ، جرمنی اور امریکا سے بھی لوگوں نے اپنے اپنے نام کے خوبصورت ڈیزائنر دستخط بنوانے کے آرڈر دیئے ہیں۔