154

قومی اسمبلی کا اجلاس دو ر روزہ وقفے کے بعد کل دوبارہ ہو گا 

اسلام آبا د۔ قومی اسمبلی کا اجلاس دو ر روزہ وقفے کے بعد کل پیر کو دوبارہ ہو گا ، اجلاس میں مختلف بل پیش کئے جائیں گے جبکہ حلقہ این اے 120اور این اے 4 کے ضمنی انتخاب میں بائیو میٹرک مشینوں اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے پائلٹ پراجیکٹ پر رپورٹس بھی پیش کی جائیں گی ، اجلاس میں قصور میں ہونے والے واقعے پر مزید بحث بھی کی جائے گی، جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس بھی پیش کیا جائے گا ۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس د وروزہ وقفے کے بعد ( آج ) پیر کو اسپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں سہ پہر چار بجے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہو گا۔ جس کے لئے قومی اسمبلی سکر ٹریٹ نے 15نکاتی ایجنڈا جا ری کر دیا ہے ، ایجنڈے کے مطابق وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی رانا تنویر حسین کامسیٹس یونیور سٹی اسلام آبا د بل 2017پیش کر یں گے ،جبکہ فیڈرل ایمپلائز بینولینٹ فنڈ اینڈ گروپ انشورنس کا ترمیمی بل2017 بھی اجلاس پیش کیا جائے گا ۔ 

وفاقی وزیر تجارت پرویز ملک میرین انشورنس بل 2017پیش کریں گے، اجلاس میں وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب حلقہ این اے 120اور این اے 4 کے ضمنی انتخاب میں بائیو میٹرک مشینوں اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے پائلٹ پراجیکٹ پر رپورٹس اجلاس میں پیش کریں گے ۔اجلاس میں وفاقی وزیر کھیل و بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیر زادہ کی جانب سے قصور میں ہونے والے واقعے پر بحث کرانے کے لئے پیش کی گئی تحریک پر مزید بحث کی جائے گی، جبکہ پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس بھی پیش کیا جائے گا ۔