188

‘بھارتی آرمی چیف کا بیان غیر ذمہ دارانہ ہے‘

لاہور: وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے واضح کیا کہ بھارتی آرمی چیف کا پاکستان مخالف بیان غیر ذمہ دارانہ ہے جس سے ثابت ہوگیا کہ بھارت ایک غیر ذمہ دارانہ جوہری ہیتھار کا حامل ملک ہے جس کی جوہری امداد بند ہونی چاہیے۔

لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف اور امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیان سے واضح ہوتا ہے کہ خارجی سطح پر دباؤ ڈالا جارہا ہے اور اس کے سدباب کے لیے ہمیں داخلی سطح پر متحد ہونے کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آرمی چیف کا بیان دھمکی نہیں بلکہ انہوں نے ایک غیر ذمہ دارانہ بیان دیا ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز بھارت کے آرمی چیف جنرل بِپن روات نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اگر حکومت نے حکم دیا تو بھارتی آرمی سرحد عبور کرکے پاکستان میں آپریشن کرنے سے بھی نہیں ہچکچائے گی۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق بھارتی آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کی جوہری صلاحیت ایک فریب ہے، اگر ہمیں واقعی پاکستانیوں کا سامنا کرنا پڑا اور ہمیں یہ ٹاسک دیا گیا تو ہمیں یہ نہیں کہیں گے کہ چونکہ پاکستان کے پاس جوہری ہتھیار ہیں اس لیے ہم سرحد پار نہیں کر سکتے۔‘

جس کے جواب میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے کہا تھا کہ بھارت کو جو چیز روک رہی ہے وہ ہماری قابل بھروسہ جوہری صلاحیت ہی ہے تاہم وہ ہمارا عزم آزمانا چاہتا ہے تو آزما لے لیکن اس کا نتیجہ وہ خود دیکھے گا۔

اسی حوالے سے خواجہ آصف نے ٹوئٹ کیا تھا کہ ’بھارتی آرمی چیف نے انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیان دیا جو ان کے عہدے کو زیب نہیں دیتا، تاہم اگر بھارت کی خواہش ہے تو ہمارے عزم کو آزمالے، انشاء اللہ بھارتی جنرل کا شک دور کر دیا جائے گا۔‘