172

ملک میں بجلی سستی کرنے کا باقاعدہ عمل شروع

اسلام آباد۔ملک میں بجلی سستی کرنے کا باقاعدہ عمل شروع کردیاگیاہے۔ وفاقی حکومت نے تیل پر چلنے والے چار بجلی گھروں کی پیداوار لاگت میں 6روپے 11پیسے فی یونٹ تک کمی کی منظوری دے دی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق یہ منظوری وزیر اعظم شاہد خا قان عباسی کی زیر صدارت ہونے والے ای سی سی کے حالیہ اجلاس میں دی گئی۔ سیف پاورکا ہائی اسپیڈ ڈیزل پر ٹیرف 12 روپے75پیسے فی کلو واٹ تھا۔

جسے آر ایل این جی پر کم کر کے 6 روپے 64 پیسے کر دیا گیا ہے۔اورئنٹ پاور کا ٹیرف ہائی اسپیڈ ڈیزل 12 روپے 67 پیسے فی کلو واٹ تھا جسے آر ایل این جی پر کم کر کے6 روپے 64 پیسے کر دیا گیا ہے۔شیفائر الیکٹرک کا ٹیرف ہائی ڈیزل پر 12 روپے 58 پیسے فی کلو واٹ سے کم کر کے 6 روپے 64 پیسے کر دیا گیا ہے۔ہالموریپاور جن کا ٹیرف ہا ئی سپیڈ ڈیزل پر 12 روپے 54 پیسے تھا جسے آر ایل این جی پر کم کر کے 6 روپے 64 پیسے کر دیا گیا ہے۔اس طرح جو ں جوں ڈیزل پر انحصار کم ہوگا اتنا ہی بجلی کا ٹیرف کم ہوتا چلا جا ئے گا۔